پاکستان ہلال احمر اور نارویجین ریڈ کراس کے درمیان انسانی ہمدردی پر مبنی شراکت داری کو مضبوط بنانے پر اتفاق کیا گیا ہے۔ دونوں تنظیموں نے پاکستان بھر میں آفات سے نمٹنے، انسانی ہمدردی کی خدمات اور کمیونٹیز کو مضبوط بنانے کے اقدامات میں تعاون بڑھانے کا عزم ظاہر کیا ہے۔
پاکستان ہلال احمر کی چیئرپرسن محترمہ فرزانہ نائیک نے اسلام آباد میں ادارے کے مرکزی دفتر میں نارویجین ریڈ کراس کی ڈپٹی ریجنل نمائندہ محترمہ فران اسٹیونس سے ملاقات کی۔ اس موقع پر سیکرٹری جنرل پاکستان ہلال احمر محمد عبید اللہ خان، نارویجین ریڈ کراس کے پاکستان میں سربراہ ڈاکٹر افتخار علی یار اور دیگر اعلیٰ افسران بھی موجود تھے۔
ملاقات کے دوران دونوں ممالک کے ریڈ کراس اداروں نے امدادی سرگرمیوں، آفات سے پیشگی تیاری اور کمیونٹی کی بحالی کے منصوبوں میں باہمی تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا۔ فریقین نے غریب اور متاثرہ طبقات کی خدمت اور ریڈ کراس اینڈ ریڈ کریسنٹ موومنٹ کے بنیادی اصولوں کی پاسداری کے عزم کو دہرایا۔ دونوں تنظیمیں مستقبل میں بھی پاکستان میں انسانی ہمدردی کے شعبے میں مل کر کام کرنے کیلئے پرعزم ہیں۔
