پاکستان ریڈ کریسنٹ سوسائٹی اور ماحولیاتی تبدیلی سے متعلق مشترکہ اقدامات کے فروغ کے لیے تعاون مضبوط
پاکستان ریڈ کریسنٹ سوسائٹی کی چیئرپرسن محترمہ فرزانہ نائیک نے اسلام آباد میں سینیٹر محترمہ شیری رحمان، چیئرپرسن سینیٹ اسٹینڈنگ کمیٹی برائے ماحولیاتی تبدیلی سے ملاقات کی، جس میں ملک کو درپیش ماحولیاتی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے مشترکہ کوششوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس ملاقات میں جرمن ریڈ کراس کے ہیڈ آف آفس برائے پاکستان، جناب آصف امان، پی آر سی ایس کے سربراہ شعبہ ماحولیاتی تبدیلی سجاد علی کندھار، اور دیگر سینئر افسران بھی موجود تھے۔ ملاقات کے دوران سینیٹر شیری رحمان نے کہا کہ پاکستان اس وقت دنیا میں ماحولیاتی تبدیلی سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والا ملک ہے، اس لیے میدان میں فوری ردعمل دینے والوں اور پیشگی اقدامات کو وسعت دینا ازحد ضروری ہے۔
انہوں نے پاکستان ریڈ کریسنٹ سوسائٹی کی چیئرپرسن محترمہ فرزانہ نائیک کی قیادت میں سوسائٹی کی ماحولیاتی تبدیلی کے حوالے سے کی گئی کوششوں کو سراہا اور یقین دلایا کہ وہ ان اقدامات کو ملک بھر میں آگے بڑھانے کے لیے مکمل تعاون فراہم کریں گی۔ اس موقع پر فریقین نے ماحولیاتی بحران سے نمٹنے کے لیے باہمی اشتراک کو مزید مؤثر بنانے پر اتفاق کیا۔
