قومی مقابلہ کتب سیرت و نعت کے حتمی نتائج 2025

newsdesk
2 Min Read

وزارت مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی کی جانب سے سالانہ قومی مقابلہ کتبِ سیرت، نعت و مقالات کے نتائج کو حتمی شکل دے دی گئی ہے۔ سیرت نویسی اور دیگر نمایاں کیٹیگریز میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے شرکاء کو آئندہ 12 ربیع الاوّل کو بین الاقوامی سیرت النبی ﷺ کانفرنس کے موقع پر خصوصی انعامات سے نوازا جائے گا۔

اس سلسلے میں ایپکس کمیٹی کا اجلاس وزارت مذہبی امور میں پروفیسر ڈاکٹر صاحبزادہ ساجد الرحمن کی زیرِ صدارت منعقد ہوا جس میں نامور تعلیمی ماہرین اور اسلامی سکالرز نے شرکت کی۔ کمیٹی کے دیگر اراکین میں ڈاکٹر ریاض مجید، ڈاکٹر یوسف فاروقی، ڈاکٹر محمد سجاد، ڈاکٹر اکرام الحق یٰسین، ڈاکٹر محی الدین ہاشمی، ڈاکٹر محمد الیاس، ڈاکٹر فیروز الدین شاہ اور ڈاکٹر منزہ بتول شامل تھے۔ اجلاس میں مقابلے میں شامل کتب و مقالات کے ابتدائی نتائج پر غور کیا گیا اور ججز کمیٹی کی جانب سے دی گئی نمبروں اور سفارشات کی روشنی میں نتائج کو حتمی شکل دی گئی۔

اس سال مقابلے میں قومی زبان اُردو، علاقائی اور دیگر غیر ملکی زبانوں میں لکھی گئی سیرت و نعت کی 142 کتب موصول ہوئیں جبکہ مقالہ نویسی کے لیے مقرر موضوع "سوشل میڈیا کے مفید استعمال کی تعلیم و تربیت میں ریاستی ذمہ داریاں، سیرت النبی ﷺ کی روشنی میں” پر 107 مقالے جمع کرائے گئے۔ وزارت مذہبی امور کی یہ روایت ہے کہ بہترین اور انعام یافتہ مقالات کی اشاعت کے بعد انہیں ملک بھر کی کتب خانوں اور تعلیمی اداروں تک پہنچایا جاتا ہے، جس سے نوجوان نسل کو عصر حاضر کے چیلنجز کے حل کے لیے سیرت طیبہ سے رہنمائی لینے کا موقع ملتا ہے۔ یہ اقدام کئی دہائیوں سے کامیابی کے ساتھ جاری ہے اور معاشرتی ہم آہنگی و اسلامی تعلیمات کے فروغ میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔

Share This Article
کوئی تبصرہ نہیں ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے