استحکام پاکستان پارٹی کی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کا اہم اجلاس صدر عبدالعلیم خان کی سربراہی میں منعقد ہوا، جس میں انٹرا پارٹی انتخابات اور الیکشن کمیشن کی جانب سے ان کی توثیق پر خوشی کا اظہار کیا گیا۔ اجلاس میں یہ فیصلہ کیا گیا کہ پارٹی کے مرکزی اور صوبائی عہدیداروں کی جلد تقرری کے لیے مشاورت کی جائے گی، تاکہ تنظیمی ڈھانچے کو مضبوط بنایا جا سکے۔
اجلاس کے دوران پنجاب حکومت کے طرزِ عمل پر بعض تحفظات بھی سامنے آئے، جن پر کمیٹی نے تفصیلی گفتگو کی۔ اس کے علاوہ یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ لاہور سمیت آئندہ ہونے والے ضمنی انتخابات، نیز کشمیر اور گلگت بلتستان کے انتخابات میں پارٹی بھرپور انداز میں شریک ہو گی اور اس کے لیے مشاورت کے عمل کو یقینی بنایا جائے گا۔
اجلاس میں آئندہ "معرکۂ حق کنونشن” فیصل آباد میں منعقد کرنے کی تجویز پیش کی گئی، جس پر تمام اراکین نے اتفاق کیا۔ پارٹی رہنماؤں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ تنظیم مزید مضبوط اور فعال رہے گی اور قومی سیاسی معاملات میں مؤثر کردار ادا کرے گی۔
