وفاقی وزیر برائے انسانی حقوق، سینیٹر اعظم نذیر تارڑ نے قومی یومِ اقلیت کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ پاکستان کے ہر شہری کو مساوی حقوق، انصاف اور احترام میسر ہونا چاہیے اور اس ضمن میں ہمیں بحیثیت قوم اپنی ذمہ داری کا احساس کرنا ہوگا۔ انہوں نے اس موقع کو اس عہد کی تجدید قرار دیا کہ ملک میں مذہب یا فرقہ کی بنیاد پر کسی شہری کے حقوق محدود نہیں ہونے چاہئیں۔
ان کا کہنا تھا کہ قائداعظم محمد علی جناح نے ہمیشہ ایک ایسے پاکستان کا خواب دیکھا جس میں شہریوں کو مذہب، مسلک یا عقیدے کی بنا پر کسی قسم کی رکاوٹ یا کمی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ ان کے مطابق اسلام کی تعلیمات بھی اس بات پر زور دیتی ہیں کہ تمام برادریوں کے حقوق کا مکمل احترام اور تحفظ یقینی بنایا جائے، معاشرتی ہم آہنگی کو فروغ دیا جائے اور انصاف کو ہر حالت میں برقرار رکھا جائے۔
اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ یہی وقت ہے کہ ہم سب مل کر اس عزم کو دہرائیں کہ پاکستان میں تنوع کو اپنی شناخت سمجھا جائے، اتحاد کو قومی طاقت بنایا جائے اور انصاف کو ہمیشہ اپنا شعار بنایا جائے۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ اور معاشرتی ہم آہنگی کے فروغ کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔
