نیویارک میں پاکستانی کمیونٹی نے جشنِ آزادی بھرپور جوش و جذبے کے ساتھ منایا، جہاں پاکستانی مسلح افواج کو خراجِ تحسین پیش کیا گیا اور "بنیان المرصوص” آپریشن میں کامیابی کو پاکستان کی بڑی فتح قرار دیا گیا۔ اس تقریب کا انعقاد پاک امریکن سوسائٹی نے بروکلین میں کیا، جس میں بڑی تعداد میں پاکستانی نژاد امریکیوں نے شرکت کی۔ شرکاء نے پاکستان کی آزادی، اتحاد اور ترقی کا جشن مل کر منایا۔
تقریب میں قونصل جنرل پاکستان نیویارک کی جانب سے نائب قونصل جنرل عمر شیخ نے شرکت کی۔ اپنے خطاب میں انہوں نے قونصل جنرل عامر احمد اتوزئی کی جانب سے کمیونٹی کو مبارکباد اور شکریہ پیش کیا۔ انہوں نے آپریشن "بنیان المرصوص” میں بھارت کے خلاف کامیابی کو پاکستان کیلئے فخر کا لمحہ قرار دیا اور کہا کہ اس فتح نے مسلح افواج کی پیشہ ورانہ صلاحیت، جرات اور قوم کے عزم کا ثبوت دیا ہے۔ انہوں نے شہداء اور غازیوں کو بھرپور خراجِ عقیدت پیش کیا اور کہا کہ ملک میں امن، استحکام اور قومی یکجہتی پاکستان کے اولین مقاصد رہیں گے۔
جشن میں بچوں نے ملی نغمے اور تقاریر پیش کیں جبکہ کمیونٹی رہنماؤں نے پاکستانیت، اتحاد اور خدمت کے پیغامات دیے۔ مقررین نے مسلح افواج کی قربانیوں کو سراہتے ہوئے بیرون ملک پاکستانیوں پر زور دیا کہ وہ تعلیم، سرمایہ کاری، رفاہی کام اور پاکستان کی مثبت تصویر اجاگر کرنے میں کردار ادا کریں۔
تقریب کے اختتام پر آرگنائزرز نے نائب قونصل جنرل کا شکریہ ادا کیا اور کمیونٹی کے لیے قونصل خانے کی مستقل حمایت کو سراہا۔ آخر میں پاکستان کی سلامتی اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں اور "پاکستان زندہ باد” کے نعروں کی گونج میں شرکاء نے اتحاد اور روشن مستقبل کے عزم کا اعادہ کیا۔
