ینگ نرسز ایسوسی ایشن خیبرپختونخوا (YNA KP) کے ایک اعلیٰ سطحی وفد نے وفاقی وزیر صحت سید مصطفی کمال سے اہم ملاقات کی جس میں صحت کے شعبے میں اصلاحات، نرسنگ کی تعلیم اور پاکستان نرسنگ اینڈ مڈوائفری کونسل (PNMC) کی بہتری سے متعلق تجاویز پیش کی گئیں۔ وفد نے وزیر صحت کی صحت کے شعبے کو جدید خطوط پر استوار کرنے کی کوششوں، شفافیت اور کارکردگی بڑھانے کے عزم کو سراہا اور ان کی اصلاحاتی پالیسیوں کی حمایت کی۔
ملاقات میں YNA KP نے PNMC کے آپریشنز کو بین الاقوامی معیار کے مطابق ڈھالنے، نرسنگ کی تعلیم کے معیار میں بہتری، انٹرنشپ کے مسائل کے حل، پی این ایم سی میں کرپشن سے پاک ماحول کے قیام اور نرسنگ تعلیمی اداروں کے لیے سخت نگرانی کے نظام کے نفاذ کی سفارشات پیش کیں۔ اس کے علاوہ وفد نے ادارے میں بعض ملازمین کی جانب سے اصلاحاتی ایجنڈے پر عملدرآمد نہ ہونے پر بھی تشویش کا اظہار کیا۔ وفد کے مطابق یہ اصلاحات پاکستانی نرسوں کے بنیادی حقوق اور دیرینہ مسائل کے حل کے لیے ناگزیر ہیں۔
وفد نے وزیر صحت سید مصطفی کمال کا نرسوں کے مسائل پر کھلے دل سے بات چیت اور تجاویز کو سننے پر شکریہ ادا کیا اور ان کی معاونت کو پیشہ ورانہ اصلاحات کی طرف ایک مثبت قدم قرار دیا۔ وفد نے اس بات پر زور دیا کہ پورے پاکستان، بشمول خیبرپختونخوا اور آزاد کشمیر، نرسنگ کمیونٹی کو ایک متحدہ محاذ پر لانے کے لیے کوششیں جاری ہیں۔ اس سلسلے میں مستقبل قریب میں اسلام آباد سمیت دیگر صوبوں کے دورے اور ملاقاتوں کا اعلان کیا گیا ہے تاکہ نرسنگ شعبے کو درپیش مسائل کا ٹھوس حل نکالا جا سکے۔
آخر میں، YNA KP نے تمام نرسنگ لیڈرز اور نرسوں پر زور دیا ہے کہ وہ مزید مضبوط اور باوقار نرسنگ پیشے کی خاطر اتحاد اور استقامت کے ساتھ اپنی اجتماعی جدوجہد جاری رکھیں۔ ایسوسی ایشن نے صوبے بھر کے ضلعی رہنماؤں کا بھی شکریہ ادا کیا جنہوں نے اجلاس میں شرکت کر کے خیبرپختونخوا کے نرسنگ اسٹاف کی آواز بلند کی۔ ایسوسی ایشن نے اپنے عزم کا اعادہ کیا کہ سب متحد ہو کر نرسنگ کے شعبے کی ترقی اور نرسوں کے حقوق کے لیے جدوجہد جاری رکھیں گے۔
