اسلام آباد میں معرکہ حق اور یوم آزادی کی تیاریوں کا جائزہ

newsdesk
3 Min Read

اسلام آباد میں معرکہ حق اور یوم آزادی کو شایانِ شان طریقے سے منانے کے لیے وسیع پیمانے پر انتظامات کیے گئے ہیں۔ ان انتظامات کا جائزہ اسلام آباد کے چیئرمین سی ڈی اے اور چیف کمشنر محمد علی رندھاوا کی زیر صدارت ایک اعلیٰ سطحی اجلاس میں لیا گیا۔ وفاقی دارالحکومت کی اہم شاہراہوں اور عمارتوں کو خوبصورت روشنیوں سے سجانے اور بِرینڈنگ سمیت مختلف تقریبات کے انعقاد کا فیصلہ کیا گیا ہے تاکہ شہری اس دن کو قومی جوش و جذبے سے منا سکیں۔

اجلاس میں سی ڈی اے، اسلام آباد انتظامیہ، ایم سی آئی اور دیگر اداروں کی جانب سے کی جانے والی تیاریوں کو زیر بحث لایا گیا۔ فیصلہ کیا گیا کہ شہر کی مرکزی عمارات پر قومی پرچم لہرائے جائیں گے، شاہراؤں پر خوبصورت لائٹنگ، ڈیجیٹل اسٹریمرز اور ایل ای ڈیز نصب کی جائیں گی۔ خاص طور پر شاہراہ دستور، کلب روڈ، سری نگر ہائی وے اور جناح ایونیو سمیت دیگر اہم مقامات کو خصوصی طور پر سجایا جائے گا۔

تقریبات میں پرچم کشائی کے پروگرام، رنگ برنگے برقی قمقمے، ثقافتی تقریبات، آتش بازی، ملی نغموں کے مقابلے اور عوامی پروگراموں کا انعقاد کیا جائے گا۔ اسلام آباد کے اسکولوں کے طلباء کے لیے تقریری اور پینٹنگ مقابلے، ٹیبلو شوز اور ملی نغموں کے پروگرام بھی منعقد کیے جائیں گے۔ شہر کے پارکس اور گراؤنڈز کو بھی خوبصورت روشنیوں سے سجایا جائے گا، جبکہ شہر میں چلنے والی بسوں پر معرکہ حق اور یوم آزادی کے حوالے سے خصوصی برینڈنگ کی جائے گی۔

سیکیورٹی انتظامات پر خصوصی توجہ دی گئی ہے۔ اسلام آباد پولیس کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ شہر بھر میں سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات یقینی بنائے۔ داخلی و خارجی راستوں پر چیکنگ، اہم مقامات پر سی سی ٹی وی نگرانی اور خصوصی سیکیورٹی ٹیموں کی تعیناتی عمل میں لائی جائے گی تاکہ تقریبات پرامن ماحول میں منعقد ہوں۔

چیئرمین سی ڈی اے اور چیف کمشنر اسلام آباد محمد علی رندھاوا نے کہا کہ معرکہ حق منانے کا مقصد بہادر افواج کو خراج تحسین پیش کرنے کے ساتھ ساتھ پوری قوم کے اتحاد کو بھی اجاگر کرنا ہے۔ ان کے مطابق معرکہ حق ہماری قوم کے لیے عہد نو کی علامت ہے اور یہ اس بات کا ثبوت ہے کہ پاکستانی عوام ہر مشکل وقت میں اپنی مسلح افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہوتی ہے۔

Share This Article
کوئی تبصرہ نہیں ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے