راولپنڈی ریجن کے آر پی او بابر سرفراز الپا نے حکومت پنجاب کے ویژن اور اوپن ڈور پالیسی کے تحت ضلع اٹک کے شہر حسن ابدال میں ٹی ایم اے ہال میں کھلی کچہری کا انعقاد کیا۔ اس موقع پر ڈی پی او اٹک سمیت پولیس اور انتظامیہ کے اعلیٰ افسران بھی موجود تھے۔
کھلی کچہری میں شہریوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی اور اپنے مختلف مسائل اور شکایات پیش کیں۔ آر پی او راولپنڈی نے موقع پر ہی افسران کو ہدایت جاری کی کہ وہ شہریوں کے مسائل کو فوری طور پر حل کریں اور مقررہ وقت میں رپورٹ پیش کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ شہریوں کو انصاف کی بروقت اور بلاتفریق فراہمی ہماری اولین ترجیح ہے۔
آر پی او بابر سرفراز الپا نے مزید کہا کہ راولپنڈی ریجن کے شہریوں کو انصاف کی فراہمی ان کی دہلیز پر یقینی بنانے کے لیے کھلی کچہریوں کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا، تاکہ عوام کے مسائل کو براہ راست سنا جا سکے اور ان کا فوری حل ممکن ہو۔
