پاکستان میں ڈیجیٹل صنفی شمولیت کی نئی حکمت عملی

newsdesk
3 Min Read

اسلام آباد میں نیشنل کمیشن برائے خواتین کے زیر اہتمام ڈیجیٹل شمولیت ورکنگ گروپ کا ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس کا مقصد پاکستان میں ڈیجیٹل جینڈر انکلوژن اسٹریٹجی 2024 پر عملدرآمد کو آگے بڑھانا تھا۔ یہ اسٹریٹجی پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی، یونیسکو اسلام آباد، جی ڈی آئی پی اور وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کام کے باہمی اشتراک سے تیار کی گئی ہے۔ اجلاس میں ملک کے ڈیجیٹل اور ٹیلی کام شعبے کے متعلقہ اداروں کے نمائندوں نے شرکت کی۔ شرکاء نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان کی ہر خاتون کو ڈیجیٹل دور میں برابری کے مواقع اور سہولیات فراہم کی جانی چاہیے۔

اجلاس کی صدارت نیشنل کمیشن کی چیئرپرسن محترمہ اُمّ لیلیٰ اظہر نے آن لائن کی۔ انہوں نے کہا کہ ہم صرف ایک بالواسطہ طور پر قابل رسائی مستقبل کا خواب نہیں دیکھ رہے بلکہ اس کو حقیقت میں ڈھال رہے ہیں۔ یہ جدوجہد خواتین کے بااختیار بنانے، تحفظ، اظہار اور ان کی عزت نفس کے بارے میں ہے۔

نیشنل کمیشن کی سیکرٹری، محترمہ ہمیرہ ضیا مفتی نے اجلاس میں ادارے کی جانب سے آئندہ تین برس کا تفصیلی روڈ میپ پیش کیا، جس کی بنیاد شمولیت، اثرپذیری اور شواہد پر مبنی ہے۔ ان کی پیشکش میں ان اقدامات کی نشاندہی کی گئی جو ڈیجیٹل تک رسائی کو پاکستان کی مجموعی ترقیاتی پالیسی کا حصہ بنانے کے لئے ترتیب دیئے گئے ہیں۔ نمایاں ترجیحات میں معاشرتی تبدیلی کیلئے مہمات، عورتوں کے لیے مخصوص ڈیجیٹل مواد اور سہولیات کی تیاری، جامع پالیسی اصلاحات، اور منظم مانیٹرنگ و ایڈووکیسی شامل ہیں۔

اگلے عملی مراحل میں نیشنل کمیشن میں ڈیجیٹل انکلوژن سیل کا قیام، تحقیق، عوامی شعور اور مالی شمولیت کے حوالے سے تین ذیلی کمیٹیوں کی تشکیل، صنفی تفاوت کی بنیاد پر چار پائلٹ اضلاع کا انتخاب، اور کمیونٹی سطح پر آگاہی مہمات کا آغاز شامل ہے۔

اجلاس میں چیئرپرسن نے اس جدوجہد کو انصاف، مواقع اور عزت نفس کی جدوجہد قرار دیا۔ سیکرٹری ہمیرہ ضیا مفتی نے اس بات پر زور دیا کہ ڈیجیٹل شمولیت خواتین کے بااختیار بنانے اور پاکستان کے مستقبل کے لیے بنیادی حیثیت رکھتی ہے۔ نیشنل کمیشن نے سول سوسائٹی، تعلیمی اداروں، نجی شعبے، میڈیا اور ترقیاتی پارٹنرز سے اپیل کی ہے کہ وہ آگے آئیں اور پاکستان میں خواتین کی ڈیجیٹل ترقی کے لیے مشترکہ کردار ادا کریں۔

Share This Article
کوئی تبصرہ نہیں ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے