نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی کے پندرہویں نیشنل میڈیا ورکشاپ کے شرکاء کو نیشنل ایمرجنسی آپریشنز سنٹر (این ای او سی) کا دورہ کرایا۔ اس وفد میں مختلف میڈیا اداروں سے وابستہ سینئر پروفیشنلز، سوشل میڈیا انفلوئنسرز اور سرکاری شعبے کے نمائندگان شامل تھے۔
دورے کے دوران مہمانوں کو این ای او سی کے عملی ڈھانچے، قدرتی آفات کی بروقت نگرانی کے نظام، قومی سطح پر اداروں کے درمیان ہم آہنگی کے طریقہ کار اور ایمرجنسی تیاری و رسپانس میں سینٹر کے اہم کردار کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ اس موقع پر بتایا گیا کہ این ای او سی دورانِ ہنگامی حالات جدید ٹیکنالوجی، ڈیٹا پر مبنی فیصلوں کے آلات اور ادارہ جاتی رابطوں کے پروٹوکول استعمال کرتا ہے، جس سے ملک گیر سطح پر موثر ایمرجنسی مینجمنٹ ممکن ہوتی ہے۔
شرکاء کو یہ بھی بتایا گیا کہ قدرتی آفات کے مواقع پر معلومات کی بروقت اور درست ترسیل اور اسٹریٹجک کمیونیکیشن نہایت اہمیت کی حامل ہیں۔ اس طرح کے دورے اداروں کے درمیان تعاون اور معلومات کے تبادلے کو فروغ دینے میں مددگار ثابت ہوتے ہیں۔
