راولپنڈی ویمن یونیورسٹی کی سٹوڈنٹ کونسل کے وفد نے اسلام آباد کے پاک چین فرینڈشپ سینٹر میں منعقدہ "اسٹیم فیڈ” کی افتتاحی تقریب میں شرکت کی، جس کا مقصد سائنس اور ٹیکنالوجی کی تعلیم کے فروغ کے لیے ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کو استعمال کرنا ہے۔
یہ تقریب وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کام نے ٹک ٹاک کے اشتراک سے منعقد کی، جس میں وفاقی وزیر برائے آئی ٹی و ٹیلی کمیونیکیشن محترمہ شزا فاطمہ خواجہ اور وزیر مملکت برائے وفاقی تعلیم محترمہ وجیہہ قمر نے خصوصی شرکت کی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے دونوں وزراء نے کہا کہ ڈیجیٹل پلیٹ فارمز تعلیمی میدان میں انقلاب برپا کر سکتے ہیں، خاص طور پر سائنس، ٹیکنالوجی، انجنئرنگ اور ریاضیات (اسٹیم) کی تعلیم میں یہ مواقع فراہم کرتے ہیں۔ اس موقع پر ٹک ٹاک کے سربراہ برائے پبلک پالیسی اینڈ گورنمنٹ ریلیشنز، فہد محمد خان نیازی نے کہا کہ یہ پلیٹ فارم نوجوانوں میں اسٹیم ٹیلنٹ کی نشوونما کے لیے بھرپور کردار ادا کرے گا۔
اسٹیم فیڈ کا مقصد سائنسی و تکنیکی تعلیم کو دلکش اور ہر طبقے کے لیے قابلِ رسائی ڈیجیٹل مواد کے ذریعے فروغ دینا ہے۔ راولپنڈی ویمن یونیورسٹی کی اس تقریب میں سرگرم شرکت اس بات کی غمازی کرتی ہے کہ یونیورسٹی اپنے طلبا و طالبات کو قومی سطح پر تعلیمی جدتوں سے روشناس کرانے میں پیش پیش ہے۔
