یوریشین ڈویلپمنٹ بینک (EDB) نے یوریشین ٹرانسپورٹ نیٹ ورک میں شامل 13 ممالک کے درمیان روابط کو مضبوط بنانے کے لیے 234 ارب ڈالر مالیت کے 325 ترقیاتی منصوبوں کی نگرانی اور ہم آہنگی کے لیے نئے ٹرانسپورٹ پروجیکٹس آبزرویٹری کا آغاز کیا ہے۔ اس اقدام کا مقصد خطے میں ٹرانسپورٹ کنیکٹیوٹی میں بہتری لانا ہے۔
یہ آبزرویٹری ایک ڈیٹابیس اور انٹر ایکٹیو نقشہ پر مشتمل ہے جسے ایک تجزیاتی آلہ اور ہم آہنگی کے پلیٹ فارم کے طور پر استعمال کیا جا رہا ہے۔ اس پلیٹ فارم کے ذریعے متعلقہ فریقین سرمایہ کاری کی ضروریات کا تعین، منصوبوں کی پیشرفت کی نگرانی، اور ملکی و بین الاقوامی کوششوں کو جدید اور پائیدار سفری راہداریوں کی تعمیر کے لیے منظم کر سکتے ہیں۔ بینک کے ترجمان کے مطابق اس آبزرویٹری میں اوپن ڈیٹا ذرائع، قومی ٹرانسپورٹ پروگرامز، پریس ریلیزز اور ماہرین کی آراء کو شامل کیا گیا ہے۔
ٹرانسپورٹ پروجیکٹس آبزرویٹری کی لانچنگ یوریشین ڈویلپمنٹ بینک کی اس وسیع حکمت عملی کا حصہ ہے جس میں 2024 کی رپورٹ میں متعارف کروائے گئے یوریشین ٹرانسپورٹ نیٹ ورک کے تصور کو عملی جامہ پہنایا جا رہا ہے۔ اس تصور کے تحت مغرب–مشرق اور شمال–جنوب راہداریوں کے درمیان ربط اور ہم آہنگی کو بہتر بنا کر زیادہ سے زیادہ اقتصادی اور سماجی فوائد حاصل کرنے پر توجہ دی گئی ہے۔
ماہرین کے خیال میں ایسے منصوبوں سے نہ صرف خطے میں ٹرانسپورٹ کی سہولیات جدید ہوں گی بلکہ تجارتی مواقع اور معاشی ترقی بھی ہوگی۔ اس ڈیجیٹل آبزرویٹری کے ذریعے مستقبل میں سرحد پار نقل و حمل کے نظام کو فعال، قابل اعتماد اور مربوط بنانے میں مدد ملے گی۔
