پنجاب ہائر ایجوکیشن کمیشن کے چیئرمین پروفیسر ڈاکٹر اقرار احمد خان کی زیر صدارت سرکاری و نجی جامعات کے نمائندوں کا ایک اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا جس میں تحقیقی اور ترقیاتی سینٹرز یا کلسٹرز کے قیام پر غور کیا گیا۔ اس اجلاس کا مقصد صوبے کی جامعات میں تحقیق کے فروغ، خاص طور پر معدنیات اور قابل تجدید توانائی کے شعبوں میں مربوط اقدامات کرنا تھا۔
اجلاس میں مختلف جامعات نے اپنے تحقیقی شعبوں اور موجود انفرااسٹرکچر پر روشنی ڈالی، بالخصوص وہ ادارے جو سولر، ہائیڈروجن اور بایوماس توانائی کی تیکنیک کے مرکزِ فضیلت بننے کے لیے تیار ہیں۔ اجلاس میں تجدیدی اور پائیدار توانائی، معدنیات اور نایاب دھاتیں، مصنوعی ذہانت، موسمیاتی تبدیلی، آبی تحفظ، خوراک و تغذیہ، صحت عامہ، ہجرت و مزدور امور، پبلک پالیسی و معاشی ترقی اور تعلیمی اصلاحات جیسے اہم موضوعات پر گفتگو کی گئی۔
تعلیمی اصلاحات کے تحت بہتر تدریسی نظام، جامعات کی ڈیجیٹل تبدیلی، پبلک پالیسی تحقیق اور جامعہ و پالیسی ساز اداروں کے مابین روابط کو مضبوط بنانے پر بھی تبادلۂ خیال ہوا۔ اجلاس کے اختتام پر تمام شرکاء نے اس عزم کا اظہار کیا کہ تعلیم، تحقیق اور جدیدیت کے فروغ کے ذریعے قومی و عالمی سطح کے مسائل کے حل کے لئے مشترکہ کاوشیں کی جائیں گی۔
