اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (آئی سی سی آئی) کے نائب صدر عبدالرحمن صدیقی کی قیادت میں ایک وفد نے میڈ ہیلتھ ایکسپو اینڈ سمٹ 2025 میں شرکت کی، جس کا اہتمام راولپنڈی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے کیا تھا۔ اس ایونٹ نے پاکستان کے صحت کے شعبے میں اختراعات، تعاون اور علم کے تبادلے کے لیے ایک متحرک پلیٹ فارم فراہم کیا، جہاں اہم اسٹیک ہولڈرز، طبی ماہرین اور صنعت کے رہنماؤں نے شرکت کی۔
ایکسپو اور سمٹ کے دوران شرکاء نے صحت کے مختلف جدید پہلوؤں پر خیالات کا تبادلہ کیا اور پاکستان میں صحت کے شعبے کو بہتری کی جانب لے جانے کے لیے مل کر کام کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔ اس موقع پر آئی سی سی آئی کے وفد نے راولپنڈی چیمبر کو صحت کے شعبے کی ترقی کے لیے کامیاب سمٹ کے انعقاد پر سراہا۔
آئی سی سی آئی نے کہا کہ اس طرح کے پروگرام صحت کی صنعت میں تعاون اور جدت کے نئے مواقع فراہم کرتے ہیں اور ملکی ترقی میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ وفد نے امید ظاہر کی کہ اس طرح کی سرگرمیاں مستقبل میں بھی جاری رہیں گی اور پاکستان کے صحت کے شعبے کو عالمی معیار تک پہنچانے میں مدد فراہم کریں گی۔
