اوورسیز پاکستانیز فاؤنڈیشن نے میٹروپول لیبارٹریز کے ساتھ ایک اہم معاہدہ کیا ہے جس کے تحت سمندر پار پاکستانیوں اور ان کے اہل خانہ کو لیبارٹری ٹیسٹوں پر 25 فیصد رعایت فراہم کی جائے گی۔ اس معاہدے کا مقصد اوورسیز پاکستانیوں اور ان کے خاندانوں کو صحت کی معیاری سہولیات کم قیمت پر فراہم کرنا ہے۔
حکام کے مطابق او پی ایف اور میٹروپول لیبارٹریز کے درمیان مفاہمت کی یادداشت پر او پی ایف کے ہیڈ آفس میں دستخط کیے گئے۔ معاہدے کے تحت میٹروپول لیبارٹریز کی موجودہ اور مستقبل کی شاخوں، جن میں اسلام آباد، راولاکوٹ اور گجرانوالہ شامل ہیں، میں او پی ایف ممبران اور ان کے اہل خانہ کو تمام تشخیصی اور پیتھالوجی ٹیسٹوں پر 25 فیصد رعایت دی جائے گی۔
تقریب کے دوران او پی ایف کے منیجنگ ڈائریکٹر محمد افضال بھٹی سے میٹروپول لیبارٹریز کے وفد نے ملاقات کی۔ وفد میں قائم مقام سی ای او و ڈائریکٹر ڈاکٹر نجم فاروق، بریگیڈیئر ریٹائرڈ پروفیسر ڈاکٹر نوید آصف اور مینیجر بزنس ڈیولپمنٹ اظہر حسین شامل تھے۔ مفاہمت کی یادداشت پر دستخط ڈائریکٹر ویلفیئر ناصر خان اور ڈاکٹر نجم فاروق نے محمد افضال بھٹی کی موجودگی میں کیے۔
اس اقدام سے اوورسیز پاکستانیوں کو صحت کے شعبے میں نمایاں سہولت ملے گی اور انہیں معیاری لیبارٹری سہولیات تک آسان رسائی حاصل ہوگی۔
