اسپین نے پاکستانیوں کے لیے ڈیجیٹل نومیڈ ویزا متعارف کرا دیا ہے، جس کے ذریعے پیشہ ور افراد، فری لانسرز اور کاروباری افراد صرف اکیس ہزار پانچ سو روپے کے کم اخراجات میں یورپ میں رہائش اور کام کرنے کا موقع حاصل کر سکتے ہیں۔ یہ ویزا اسپین کے اسٹارٹ اپ ایکٹ کے تحت جاری کیا گیا ہے اور تکنیکی صلاحیت کے حامل عالمی ماہرین کو اپنی طرف متوجہ کرنے کے لیے اسپین کے ڈیجیٹل سیکٹر میں سرمایہ کاری کو فروغ دینے کا اہم اقدام ہے۔
اس اقدام کے نتیجے میں پاکستانی شہری قانونی طور پر ایک سال کے لیے اسپین جا سکیں گے، جسے پانچ سال تک توسیع دی جا سکتی ہے۔ اس ویزے کے حصول کے بعد نہ صرف فرد بلکہ اہل خانہ کو بھی ساتھ لے جانے کی اجازت ہوگی، جس سے یہ خاندانوں کے لیے بھی ایک پرکشش آپشن بن چکا ہے۔
سپین کے اس ڈیجیٹل نومیڈ ویزے کی خاص بات یہ ہے کہ درخواست دہندگان کو اسپین میں نوکری کی ضرورت نہیں، بلکہ صرف اتنا کافی ہے کہ وہ غیر ملکوں، جیسے پاکستان یا دیگر ممالک میں کام کر رہے ہوں۔ درخواستیں اسپین میں سیاحتی ویزے پر موجودگی کے دوران یا پاکستان سے براہ راست دی جا سکتی ہیں۔
اہلیت کے لیے درخواست دہندہ کو ثابت کرنا ہوگا کہ وہ کم از کم تین ماہ سے کسی غیر ملکی کمپنی یا کلائنٹ کے ساتھ فری لانسنگ، آن لائن کام یا اپنا کاروبار کر رہا ہے۔ اس کے علاوہ ہر ماہ کم از کم 2,762 یورو (تقریباً آٹھ لاکھ چھپن ہزار روپے) آمدنی دکھانا ہوگی۔ اگر شریک حیات بھی ساتھ ہو تو یہ رقم 3,797 یورو (تقریباً گیارہ لاکھ ستتر ہزار روپے) اور ہر بچے کے لیے مزید 346 یورو (تقریباً ایک لاکھ سات ہزار روپے) ہوگی۔ اس کے علاوہ کاروبار یا کمپنی کی کم از کم ایک سال پرانی رجسٹریشن، یونیورسٹی ڈگری یا تین سالہ پیشہ ورانہ تجربہ، پچھلے پانچ سال کا پولیس کلیئرنس اور انٹرنیشنل ہیلتھ انشورنس بھی لازمی ہے۔
درخواست دینے کے لیے پاسپورٹ، حالیہ تصاویر، ری موٹ ورک کے شواہد (کنٹریکٹس، آفرف لیٹرز وغیرہ)، کمپنی کا پرانا رجسٹریشن سرٹیفکیٹ، آمدنی کے ثبوت، تعلیمی اور پیشہ ورانہ سی وی، اگر کاروباری ہوں تو ٹیکس ریٹرن اور خاندانی افراد کے اسناد جمع کرانا ضروری ہوں گے۔ سبھی دستاویزات مقامی زبان میں ترجمہ شدہ اور متعلقہ حکام سے تصدیق شدہ ہونی چاہئیں، خصوصاً پولیس کلیئرنس سرٹیفکیٹ کا ایپوسٹل ہونا لازمی قرار دیا گیا ہے۔
اسپین کا ڈیجیٹل نومیڈ ویزا ان پاکستانی فری لانسرز اور آن لائن ماہرین کے لیے ایک بڑی خوش خبری ہے، جو یورپ میں اپنے آپ اور اپنے خاندان کے بہتر مستقبل کا خواب دیکھتے ہیں۔ اس ویزا کے ساتھ انہیں شینگن زون کے دیگر یورپی ممالک میں بھی سفر کی اجازت ہوگی۔ زبان کی کوئی شرط بھی نہیں رکھی گئی، جو اسے مزید آسان بناتی ہے۔
پاکستانیوں کے لیے عام سوالات کے جواب میں واضح کیا گیا ہے کہ فری لانسرز اس ویزا کے لیے مکمل اہل ہیں، عموماً درخواست کی کارروائی بیس سے پینتالیس دن میں مکمل ہو جاتی ہے، اور زبان کی قید موجود نہیں۔ اس ویزے کے کامیاب حصول کے بعد یورپ میں ایک نئی زندگی اور کیریئر کا آغاز کیا جا سکتا ہے۔
