بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی اسلام آباد میں "ڈیجیٹل پاکستان وژن 2047” کے موضوع پر ایک سیمینار کا انعقاد کیا گیا جس کا مقصد طلبہ کو ڈیجیٹل ٹیکنالوجی، سائبر سکیورٹی، مصنوعی ذہانت اور پائیدار ترقی کے اہداف سے ہم آہنگ کرنا تھا۔ اس سیمینار کا اہتمام ڈائریکٹوریٹ آف اسٹوڈنٹ افیئرز (میل) نے فیکلٹی آف مینجمنٹ سائنسز کے تعاون سے کیا۔ تقریب کا مقصد یوم پاکستان "معرکۂ حق” اور یومِ آزادی کی تقاریب کو شاندار شکل دینا بھی تھا۔
تقریب کے مہمانِ خصوصی امار جعفری، ڈائریکٹر جنرل سینٹر آف انفارمیشن ٹیکنالوجی اور ایف آئی اے کے سابق ایڈیشنل ڈائریکٹر تھے، جن کے ہمراہ انفارمیشن ٹیکنالوجی اور انڈسٹری سے وابستہ ماہرین کی ٹیم بھی موجود تھی۔ ماہرین نے طلبہ کو سائبر سکیورٹی، مصنوعی ذہانت اور سسٹین ایبل ڈویلپمنٹ کے موضوعات پر پیشکش دی اور انہیں حوصلہ افزائی کی کہ وہ اپنے فائنل ایئر پراجیکٹس کو ان اہم شعبوں کے مطابق ترتیب دیں۔
ڈاکٹر محمد ارشد، جو نسٹ کے بانی اراکین میں شامل ہیں اور ایک ممتاز ماہر کے طور پر جانے جاتے ہیں، نے بھی خصوصی خطاب کیا۔ انہوں نے طلبہ کو اپنی زندگی کے مقاصد واضح کرنے اور کامیابی کے راستوں پر گامزن رہنے کے عملی طریقے بیان کیے۔
سیمینار کا آغاز تلاوتِ کلام پاک سے ہوا۔ ڈائریکٹر اسٹوڈنٹ افیئرز ڈاکٹر ایچ. غفران نے شرکاء کو خوش آمدید کہا اور طلبہ کو نصیحت کی کہ وہ ڈیجیٹل وسائل سے بھرپور فائدہ اٹھا کر اپنی تعلیمی اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو بہتر بنائیں۔
تقریب کا اختتام شکریہ کے کلمات پر ہوا جس کے بعد مہمانِ خصوصی کو یادگاری شیلڈ پیش کی گئی۔ اختتامی لمحات میں اساتذہ اور مہمانوں کی تواضع بھی کی گئی۔
