چیرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا کی قیادت میں اس سال سی ڈی اے ملازمین کے لیے حج کی سعادت حاصل کرنے والوں کی تعداد میں اضافہ کیا گیا ہے۔ اب 66 کی بجائے 76 ملازمین اس بابرکت سفر پر روانہ ہوں گے۔ یہ فیصلہ سی ڈی اے ہیڈ کوارٹرز میں ہونے والی ایک شفاف قرعہ اندازی کی تقریب میں کیا گیا، جس میں سینئر افسران، یونین رہنماؤں اور ملازمین نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
تقریب میں ممبر ایڈمنسٹریشن طلعت محمود، ممبر فنانس طاہر نعیم، ممبر پلاننگ ڈاکٹر محمد خالد حفیظ، ممبر ماحولیات اسفندیار بلوچ، ممبر انجینئرنگ سید نفاست رضا، سی ڈی اے ورکرز یونین کے جنرل سیکرٹری چوہدری محمد یٰسین اور دیگر اہم عہدیداران نے شرکت کی۔ اس قرعہ اندازی میں سی ڈی اے کے نان گزیٹیڈ 9,352 ملازمین (جن میں 9,123 مرد اور 229 خواتین شامل ہیں) نے حصہ لیا۔ نتیجے میں 77 خوش نصیب ملازمین کا انتخاب ہوا، جو جلد حج کی سعادت حاصل کریں گے۔
تقریب کے دوران چیرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے شفافیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اس مقدس سفر کے دوران ملازمین اپنے وطن، ادارے، ساتھیوں اور خصوصاً ان شہداء کے لیے دعائیں ضرور کریں جنہوں نے پاکستان کے لیے اپنی جانیں قربان کیں۔ انہوں نے کہا کہ ادارے کی کامیابی ملازمین کی محنت، ان کی والداؤں کی دعاؤں اور اللہ تعالیٰ کے فضل سے ممکن ہوتی ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ سی ڈی اے انتظامیہ ملازمین کی فلاح و بہبود کے لیے ہمیشہ ہر ممکن اقدامات کرتی رہے گی۔
چوہدری محمد یٰسین نے کامیاب ملازمین کو مبارکباد دیتے ہوئے چیرمین سی ڈی اے کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے ملازمین کے مطالبے پر گزشتہ سال کی طرح اس سال بھی کامیاب امیدواروں کی تعداد میں اضافہ کیا، جس کو تمام ملازمین نے سراہا۔ انہوں نے کہا کہ یونین سی ڈی اے انتظامیہ کے ساتھ ہر ممکن تعاون جاری رکھے گی تاکہ تمام ملازمین کی فلاح اور بہتر مستقبل کو یقینی بنایا جا سکے۔
آخر میں چیرمین سی ڈی اے نے پوری تقریب میں تمام شرکاء کو مبارکباد دی اور کہا کہ جن ملازمین کے نام قرعہ اندازی میں آئے ہیں وہ اللہ کے خاص مہمان ہیں۔ انہوں نے خصوصی دعا کی کہ اللہ تعالیٰ پاکستان کو ہر مصیبت سے محفوظ رکھے اور اسے امن و سکون کا گہوارہ بنائے۔
