پاکستان گرل گائیڈز ایسوسی ایشن (پی جی جی اے) نے بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی اسلام آباد کے شعبہ اردو کے تعاون سے طالبات کے لیے چھ روزہ "اسٹے سیف” کمیونٹی سروس پروجیکٹ ٹریننگ کامیابی کے ساتھ مکمل کر لی۔ اس تربیتی پروگرام میں ساتویں اور آٹھویں سمسٹر کی 64 طالبات نے شرکت کی۔
اس تربیتی کورس میں ذاتی حفاظت، آن لائن سیکیورٹی، جذباتی فلاح و بہبود، اور منشیات کے استعمال سے بچاؤ جیسے اہم موضوعات شامل تھے، جنہیں پی جی جی اے کے ماہر تربیت کاروں نے تدریسی انداز میں پیش کیا۔ اس تربیت کا نمایاں حصہ ریسکیو 1122 کے تحت ہونے والا ایمرجنسی فرسٹ ایڈ سیشن تھا، جس میں طالبات کو بنیادی اور ضروری طبی امداد کی عملی تربیت دی گئی۔
عالمی موسمیاتی چیلنجز کے پیش نظر، قدرتی آفات کے خطرات اور ان سے نمٹنے کی حکمت عملی پر ایک خصوصی سیشن بھی منعقد کیا گیا، جس میں کمیونٹی کو مشکلات اور آفات کے دوران مضبوط اور مستحکم بنانے کی بات کی گئی۔
ٹریننگ کے اختتام پر شاندار اختتامی تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں ثقافتی اور قومی پہلوؤں کو اجاگر کیا گیا۔ تقریب میں "مارکۂ حق” کے عنوان سے یومِ آزادی کی خصوصی تقریب بھی منظم کی گئی، جس میں فیکلٹی آف لینگویجز اینڈ لٹریچر کی ڈین ڈاکٹر فوزیہ جنجوعہ، چیئرپرسن شعبہ اردو ڈاکٹر سائرہ اور دیگر اساتذہ نے شرکت کی۔ اس تقریب کا انتظام تمام تر طالبات نے خود کیا، جس سے ان کی تخلیقی اور انتظامی صلاحیتیں نمایاں ہوئیں۔
اب ان تربیت یافتہ طالبات کو فیڈرل ڈائریکٹوریٹ آف ایجوکیشن، فیڈرل گورنمنٹ ایجوکیشنل انسٹی ٹیوشنز اور آزاد جموں و کشمیر کے منتخب اسکولوں میں انٹرن شپس کا آغاز کریں گی۔ انٹرن شپس کی تکمیل کے بعد، کامیاب طالبات کو اس ٹریننگ پروگرام کی تکمیل پر اعزازی اسناد دی جائیں گی۔
