ڈی پی ورلڈ اور این ایل سی کے اعلیٰ عہدیداران نے اسلام آباد میں ایف پی سی سی آئی کیپٹل آفس کا دورہ کیا اور صدر ایف پی سی سی آئی عاطف اکرام شیخ سے ملاقات کی۔ ملاقات میں دبئی میں مشترکہ منصوبے ’پاکستان مارٹ‘ کے قیام اور باہمی تجارتی تعاون پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس منصوبے کو پاکستان کی معیشت اور برآمدات کے فروغ کے لیے نہایت اہم قرار دیا گیا۔
ملاقات میں ڈی پی ورلڈ کے ہیڈ آف ٹریڈرز مارکیٹ عبداللہ یعقوب، وائس چیئرمین فخر عالم، این ایل سی کے ڈائریکٹر پلانز بریگیڈیئر محمد یوسف سمیت ایف پی سی سی آئی کے وفد نے شرکت کی۔ شرکاء نے بتایا کہ دبئی میں ڈی پی ورلڈ اور این ایل سی کے اشتراک سے ‘پاکستان مارٹ’ کے قیام کی تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔ اس مرکز میں پاکستان میں تیار ہونیوالی اعلیٰ معیار کی مصنوعات فروخت کے لیے پیش کی جائیں گی، جس سے نہ صرف برآمدات میں اضافہ ہوگا بلکہ پاکستان کی شناخت کو عالمی سطح پر فروغ ملے گا۔
ہیڈ آف ٹریڈرز مارکیٹ ڈی پی ورلڈ عبداللہ یعقوب نے کہا کہ پاکستان مارٹ محض ایک کاروباری منصوبہ نہیں بلکہ ملک کی بیرون ملک پہچان بھی بنے گا۔ انہیں یقین ہے کہ پاکستانی مصنوعات دبئی جیسی بین الاقوامی منڈی میں مقبولیت حاصل کریں گی۔
وائس چیئرمین فخر عالم نے کہا کہ اس منصوبے کے ذریعے پاکستانی برآمدات کو دبئی اور خطے کی منڈیوں تک رسائی ملے گی۔ انہوں نے بتایا کہ دبئی میں اس سے قبل چین کا ڈریگن مارٹ کامیابی سے چل رہا ہے جبکہ بھارت بھی اسی طرز پر اربوں ڈالر کا مارٹ بنانے جا رہا ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ دبئی کے پرنس نے پاکستان مارٹ کے لیے زمین بغیر معاوضہ فراہم کی ہے اور یہاں پاکستانی مصنوعات پر پانچ فیصد ڈیوٹی بھی لاگو نہیں ہوگی، جبکہ مارٹ کے ساتھ ہی ایک جدید وئیرہاؤس بھی قائم کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کاروباری برادری پر زور دیا کہ وہ اس منصوبے کی کامیابی کے لیے کردار ادا کرے۔
صدر ایف پی سی سی آئی عاطف اکرام شیخ نے کہا کہ این ایل سی اور ڈی پی ورلڈ کے باہمی تعاون سے خطے میں تجارت کی نئی راہیں کھلیں گی۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ پاکستان مارٹ، چائنا کے ڈریگن مارٹ کی طرح رول ماڈل ثابت ہوگا اور پاکستانی برآمدات کو دو ارب ڈالر کے ہدف کے حصول میں مدد ملے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان مارٹ ملک کی معاشی سفارتکاری اور قومی تشخص کے لیے سنگِ میل ہوگا۔
این ایل سی کے ڈائریکٹر پلانز بریگیڈیئر محمد یوسف نے اس موقع پر کہا کہ این ایل سی اور ڈی پی ورلڈ کی شراکت داری خطے میں تجارت کو فروغ دینے اور پاکستانی مصنوعات کو نئی عالمی منڈیوں تک پہنچانے کے لیے اہم موقع ہے۔
تمام فریقین نے اس منصوبے کی کامیابی کے لیے مشترکہ محنت اور تعاون کی یقین دہانی کرائی۔
