پٹرولنگ پولیس راولپنڈی ریجن نے یوم شہداء پولیس کے موقع پر اپنے شہداء کی قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کے لیے خصوصی تقاریب کا انعقاد کیا۔ ان تقریبات کا مقصد پولیس شہداء کی یاد کو تازہ کرنا اور ان کی خدمات کو سراہنا تھا۔
پروگرام کا آغاز صبح نماز فجر کے بعد قرآن خوانی سے ہوا، جس میں شہداء پولیس کے ایصال ثواب کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔ اس کے بعد پٹرولنگ پولیس کے شہید اے ایس آئی سجاد حیدر کی قبر پر سلامی پیش کی گئی۔ اس موقع پر پٹرولنگ پولیس کے چاق و چوبند دستے نے جوش و جذبے کے ساتھ اپنے شہید ساتھی کو سلامی دی اور ان کی قبر پر پھول چڑھائے۔
تقریب کے اختتام پر شہید سجاد حیدر کے اہلخانہ کے ہمراہ شہید کے درجات کی بلندی کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔ اس موقع پر ترجمان پٹرولنگ پولیس نے کہا کہ پولیس کے شہداء کی قربانیاں ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی اور ان کی خدمات پر قوم کو فخر ہے۔
