وزیراعظم کے مشیر برائے صنعت و پیداوار ہارون اختر خان نے پاکستان آٹو موٹو مینوفیکچررز ایسوسی ایشن (پاما) کے ساتھ ایک اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کی، جس میں پاکستان میں درآمدی اور مقامی سطح پر تیار کی جانے والی گاڑیوں کے معیار اور حفاظت کے امور زیر بحث آئے۔
اجلاس میں پاما کے اہم نمائندے، وزارت صنعت و پیداوار کے سیکرٹری سیف انجم اور انجینئرنگ ڈیولپمنٹ بورڈ کے سی ای او نے بھی شرکت کی۔ اجلاس کا بنیادی مقصد یہ تھا کہ ملک میں گاڑیوں کے معیار اور حفاظت کے لیے نئے بین الاقوامی معیار کو جانچا جائے اور انہیں بہتر بنایا جائے۔
ہارون اختر خان نے اپنے خطاب میں کہا کہ حکومت اپنے شہریوں کی زندگیوں کو سب سے زیادہ اہمیت دیتی ہے اور ان کی حفاظت اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ اب پاکستان میں نہ صرف مقامی طور پر تیار کردہ بلکہ درآمد شدہ گاڑیوں پر بھی بین الاقوامی معیار کے حفاظتی اصول یکساں طور پر لاگو ہوں گے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ یہ معیار انسانی جانوں کی حفاظت کے ساتھ ساتھ ماحول کے تحفظ میں بھی انتہائی اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ مشیر صنعت و پیداوار نے اس بات پر زور دیا کہ حکومت گاڑیوں کی صنعت میں بین الاقوامی معیار کے نفاذ کے لیے پرعزم ہے۔
اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ نئے حفاظتی اور معیاری اصولوں کے مؤثر نفاذ کے لیے انجینئرنگ ڈیولپمنٹ بورڈ اور گاڑیوں کے صنعت کار قریبی رابطے اور مشاورت سے کام کریں گے۔
