وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ایک روزہ دورہ گلگت بلتستان کیا، جہاں حالیہ بارشوں اور سیلاب سے متاثرہ افراد سے ملاقات کی اور ان میں امدادی رقوم تقسیم کیں۔ اس دورے کا مقصد علاقے میں قدرتی آفات سے ہونے والے نقصانات کا جائزہ لینا اور متاثرین کے مسائل سننا تھا۔
گلگت پہنچنے پر گورنر گلگت بلتستان سید مہدی شاہ اور وزیر اعلیٰ گلبر خان نے وزیراعظم کا استقبال کیا۔ اس موقع پر وفاقی وزراء عبدالعلیم خان، عطا اللہ تارڑ، امیر مقام، ڈاکٹر مصدق ملک، مشیر وزیر اعظم رانا ثناء اللہ اور کوآرڈینیٹر شبیر عثمانی بھی وزیراعظم کے ہمراہ تھے۔
دورے کے دوران وزیراعظم کو گلگت بلتستان میں حالیہ بارشوں کے نتیجے میں ہونے والے نقصانات اور امدادی سرگرمیوں پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ انہوں نے لوگوں کے مسائل سننے اور ان کے حل کے لئے ہنگامی اقدامات کی یقین دہانی کرائی۔ اس کے علاوہ وزیراعظم نے گورنر اور وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان سے بھی ملاقات کی، جس میں علاقے کی مجموعی صورتحال اور مستقبل کے لائحہ عمل پر مشاورت کی گئی۔
