او آئی سی کامسٹیک کے کوآرڈینیٹر جنرل پروفیسر ڈاکٹر ایم اقبال چوہدری نے کولمبو میں پاکستان کے ہائی کمشنر میجر جنرل (ر) فہیم العزیز سے ملاقات کی جس میں باہمی تعاون کے مختلف پہلوؤں پر غور کیا گیا۔ اس موقع پر دونوں رہنماؤں نے سری لنکا کے مسلمان طلبہ، نوجوان سائنسدانوں اور کامسٹیک کے درمیان تعاون بڑھانے کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا۔
پروفیسر ڈاکٹر اقبال چوہدری نے ہائی کمشنر کو کامسٹیک کے جاری پروگراموں اور اقدامات سے آگاہ کیا جو او آئی سی ممبر ممالک سمیت اُن ممالک کے لیے بھی ہیں جہاں مسلمان اقلیت میں ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ کامسٹیک نہ صرف او آئی سی ممالک کے لیے بلکہ غیر او آئی سی ممالک میں مسلمان طلبہ اور سائنسدانوں کی فلاح و بہبود کے لیے بھی سرگرم عمل ہے۔
پاکستان کے ہائی کمشنر میجر جنرل (ر) فہیم العزیز نے کامسٹیک کے وژن کی تعریف کی اور کوآرڈینیٹر جنرل کی حیثیت سے پروفیسر ڈاکٹر اقبال چوہدری کی قیادت کو سراہا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ مسلمانوں اور سائنس کے شعبوں میں تعاون سے دونوں ممالک کے تعلقات مزید مضبوط ہوں گے۔
