پاکستان فٹبال فیڈریشن کے نائب صدر ڈاکٹر محمد علی نے حال ہی میں ہونے والے انڈر 23 قومی ٹیم کے ٹرائلز کے کامیاب انعقاد کو سراہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پی ایف ایف کی جانب سے ملک بھر میں فٹبال کو فروغ دینے کے عزم کا یہ ایک نمایاں ثبوت ہے۔
اپنے بیان میں ڈاکٹر محمد علی نے بتایا کہ ٹرائلز کے آغاز سے قبل پی ایف ایف کے صدر سید محسن گلانی اور ایگزیکٹو کمیٹی کی جانب سے چار اسسٹنٹ کوچز کی تقرری متفقہ طور پر منظور کی گئی۔ دو روزہ ٹرائلز میں پانچ سو سے زائد کھلاڑیوں کا انتخابی عمل مکمل کیا گیا، جو ایک اہم کارنامہ ہے اور فٹبال کے فروغ میں فیڈریشن کی دلچسپی ظاہر کرتا ہے۔
ڈاکٹر محمد علی کا کہنا تھا کہ فٹبال کے میدان میں یہ ایک اہم اور قابل تحسین پیش رفت ہے۔ انہوں نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بحیثیت نائب صدر، وہ فٹبال کی تیز تر اور مؤثر ترقی کیلئے کی جانے والی کوششوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ پی ایف ایف پوری قیادت کے ساتھ اس عزم پر کاربند ہے کہ سید محسن گلانی کی سربراہی میں ملک میں فٹبال کے فروغ کیلئے مزید اقدامات کیے جائیں گے۔
