سکھر آئی بی اے یونیورسٹی کے نئے بی ایس آرٹیفیشل انٹیلی جنس پروگرام کے آغاز کے سلسلے میں نیشنل کمپیوٹنگ ایجوکیشن ایکریڈیٹیشن کونسل نے زیرو وزٹ کیا ہے، جس میں جامعہ کے نصاب، تدریسی معیار، اور تعلیمی انفرااسٹرکچر کو سراہا گیا۔ یہ دورہ جامعاتی تعلیم میں معیار برقرار رکھنے اور جدت لانے کی جانب اہم قدم قرار دیا جا رہا ہے۔
این سی ای اے سی کی ٹیم کی قیادت کنوینر ڈاکٹر نور احمد شیخ نے کی۔ انہوں نے یونیورسٹی کے لیبز، کلاس رومز اور لائبریری کا دورہ کیا اور فیکلٹی، ڈین پروفیسر ڈاکٹر شیر محمد دادپوتا اور ہیڈ آف ڈیپارٹمنٹ پروفیسر ڈاکٹر غلام مجتبیٰ شیخ سے ملاقات کی۔ ٹیم نے نصاب، آؤٹکم بیسڈ ایجوکیشن اور شعبے کی حالیہ کامیابیوں کا بھی جائزہ لیا اور اس پر اطمینان کا اظہار کیا۔
این سی ای اے سی کی ٹیم نے یونیورسٹی کے مضبوط انفرااسٹرکچر اور تعلیمی معیارات کی تعریف کی، ساتھ ہی اساتذہ کی مہارت اور ادارے کے تعلیمی ماحول کو بھی سراہا۔ سکھر آئی بی اے یونیورسٹی نے اس موقع کو کمپیوٹنگ تعلیم میں بہترین کارکردگی کی علامت قرار دیا ہے۔
یاد رہے کہ بی ایس آرٹیفیشل انٹیلی جنس پروگرام کا پہلا بیچ فال 2025 سے باقاعدہ طور پر شروع ہو گا، جس سے طلبہ کو جدید تعلیم و تحقیق کے نئے مواقع ملیں گے اور مصنوعی ذہانت کے شعبے میں ملکی سطح پر نئے رجحانات کو فروغ ملے گا۔
