فیصل آباد: حکومت قومی گرڈ پر دباؤ کم کرنے اور بجلی کی طلب میں اتار چڑھاؤ سے نمٹنے کے لیے صنعتوں کو سولر انرجی پر منتقل ہونے کے لیے مؤثر اور معاون پالیسیاں متعارف کروائے۔ ٹیکسٹائل انڈسٹری، اکیڈیمیا اور تحفظ ماحولیات کے ماہرین نے یہ مطالبہ “پاکستان میں توانائی کی حفاظت اور پائیدار صنعتی نمو پر پرزیومر ریگولیشنز، ٹیرف سٹرکچر اور جنگی بحران کے اثرات” کے موضوع پر منعقدہ سیمینار میں کیا ہے۔ سیمینار کا انعقاد آلٹرنیٹ ڈیولپمنٹ سروسز نے گرین گروتھ الائنس اور گرین کارپوریٹ الائنس کے اشتراک سے کیا تھا۔ ماہرین نے کہا ہے کہ نیٹ میٹرنگ سے نیٹ بلنگ کی جانب تبدیلی صنعتوں کی حوصلہ شکنی کر رہی ہے اور انہیں بجلی کی مسلسل فراہمی کے لیے مہنگے بیٹری سٹوریج سسٹمز میں سرمایہ کاری پر مجبور کر رہی ہے۔ انہوں نے حکومتی پالیسیوں میں عدم تسلسل اور پاور سیکٹر اصلاحات میں سست روی پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ علاقائی ممالک بھارت، بنگلہ دیش اور ویتنام سے مسابقت کے لیے سستی اور بلاتعطل توانائی ناگزیر ہے۔ ماہرین نے قومی کاربن اکاؤنٹنگ سسٹم کے قیام، انڈسٹری و اکیڈیمیا تعاون اور قابل تجدید توانائی کے فروغ پر زور دیا تاکہ برآمدات کو عالمی ماحولیاتی معیارات سے ہم آہنگ رکھا جا سکے۔ آلٹرنیٹ ڈیولپمنٹ سروسز کے سی ای او امجد نذیر نے مستقل توانائی پالیسیوں کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ تاخیر معاشی نقصان کا باعث بن سکتی ہے۔ نسٹ یونیورسٹی کے ایسوسی ایٹ پروفیسر ڈاکٹر علی عباس کاظمی نے کہا کہ بڑھتے ٹیرف اور مالی لاگت صنعتوں کے لیے خطرات بڑھا رہے ہیں۔ پاکستان سولر ایسوسی ایشن کے نمائندے علی احسن نے کہا کہ حکومت کے غیر یقینی ٹیرف اور ریگولیٹری فیصلوں کے باوجود ملک میں سولر انرجی کے استعمال میں اضافہ جاری ہے کیونکہ لوگ بجلی کی مسلسل اور سستی ترسیل کے لیے حکومت پر مزید اعتماد کرنے کو تیار نہیں ہیں۔
