راولپنڈی کنٹونمنٹ میں آگ سے حفاظتی ورکشاپ

newsdesk
2 Min Read
راولپنڈی کنٹونمنٹ بورڈ کی ورکشاپ میں ریسکیو سروس نے عملی تربیت دی، شرکاء کو آگ سے حفاظت اور ابتدائی طبی امداد کی رہنمائی فراہم کی گئی

راولپنڈی: راولپنڈی کینٹ بورڈ کے زیرِ اہتمام فائر سیفٹی کے حوالے سے ایک آگاہی و تربیتی ورکشاپ کا انعقاد کیا گیا، جس کا مقصد آگ لگنے کے واقعات سے بچاؤ، ہنگامی حالات میں فوری اور مؤثر ردعمل، اور قیمتی جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانا تھا۔

ورکشاپ میں نامزد رکن کنٹونمنٹ بورڈ زاہد اقبال بختاوری، چیف کینٹ انجینئر عتیق الرحمان، ریسکیو 1122 کے نمائندگان، انجمن تاجران راولپنڈی کینٹ اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔

تقریب کے دوران شرکاء کو آگ لگنے کی مختلف وجوہات، احتیاطی تدابیر، فائر فائٹنگ آلات کے درست استعمال اور ابتدائی طبی امداد کے بنیادی اصولوں سے تفصیلی آگاہی فراہم کی گئی۔ اس موقع پر اس امر پر خصوصی زور دیا گیا کہ راولپنڈی کینٹ کی حدود میں موجود تمام پلازہ جات اور عمارتوں میں فائر سیفٹی سے متعلق حفاظتی تنصیبات کو یقینی بنایا جائے، جبکہ ایمرجنسی راستوں، سائن بورڈز اور دیگر ضروری آلات کی تنصیب پر بھی عملدرآمد کیا جائے۔

ریسکیو 1122 کے ماہرین نے عملی مظاہروں کے ذریعے شرکاء کو بتایا کہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں گھبراہٹ کے بجائے منظم اور حکمتِ عملی کے تحت اقدامات کرنا کس قدر ضروری ہوتا ہے، تاکہ جانی و مالی نقصان کو کم سے کم کیا جا سکے۔

ورکشاپ سے خطاب کرتے ہوئے نامزد رکن کنٹونمنٹ بورڈ زاہد اقبال بختاوری نے کہا کہ تمام شہریوں کو چاہیے کہ وہ فائر سیفٹی سے متعلق باقاعدہ تربیت حاصل کریں، تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں بروقت اور درست اقدامات کے ذریعے نہ صرف قیمتی انسانی جانوں کو بچایا جا سکے بلکہ مالی نقصانات سے بھی محفوظ رہا جا سکے۔

شرکاء نے ورکشاپ کو معلوماتی اور مفید قرار دیتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا کہ مستقبل میں بھی اس نوعیت کی آگاہی اور تربیتی سرگرمیوں کا انعقاد تسلسل کے ساتھ جاری رکھا جائے گا۔

آخر میں سانحہ گل پلازہ میں جاں بحق ہونے والوں کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔

Share This Article
کوئی تبصرہ نہیں ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے