بارانی زرعی یونیورسٹی راولپنڈی نے عالمی تحقیقی تعاون کے فروغ کے لیے بین الاقوامی سیمینار سیریز کا آغاز کر دیا
پیر مہر علی شاہ بارانی زرعی یونیورسٹی راولپنڈی نے ایک اہم سنگِ میل عبور کرتے ہوئے پہلی مرتبہ بین الاقوامی سیمنار سیریز کا آغاز کر دیا ہے۔ اس سلسلے کا افتتاحی اجلاس ہائبرڈ موڈ میں منعقد ہوا، جس کے ذریعے یونیورسٹی نے عالمی سطح پر علمی و تحقیقی تعاون کو فروغ دینے کے لیے ایک منظم پلیٹ فارم متعارف کروایا ہے۔ اس کے بعد بارانی زرعی یونیورسٹی پاکستان کی وہ پہلی یونیورسٹی بن گئی ہے جس نے باقاعدہ طور پر بین الاقوامی تحقیقی سیمنار سیریز کا آغاز کیا۔ افتتاحی اجلاس کا باضابطہ افتتاح وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر قمرالزمان نے کیا۔ انہوں نے اس اقدام کو عالمی تحقیقی برادری کے ساتھ مضبوط علمی تعلقات استوار کرنے کی جانب ایک اہم قدم قرار دیا۔
اس موقع پر کینیڈا سے دو ممتاز محققین نے اپنی تحقیقی پریزنٹیشنز پیش کیں۔ ڈلہوزی یونیورسٹی سے ڈاکٹر میتھیو بیلوڈو نے ایک فکر انگیز لیکچر دیا جس میں ڈرون امیجنگ اور تھری ڈی میپنگ ٹیکنالوجی میں جدت پر روشنی ڈالی گئی۔ اسی طرح یونیورسٹی آف پرنس ایڈورڈ آئی لینڈ سے محمد سعداللہ خان نے مصنوعی ذہانت کے ذریعے پائیدار زراعت اور زمینی خطرات کے نظم و نسق میں نئی جہتوں پر اہم تحقیقی گفتگو کی۔ یہ بین الاقوامی سمینار سیریز بارانی زرعی یونیورسٹی راولپنڈی اور کینیڈا کی نمایاں جامعات ڈلہوزی یونیورسٹی، یونیورسٹی آف پرنس ایڈورڈ آئی لینڈ، میموریل یونیورسٹی آف نیو فائونڈلینڈ اور یونیورسٹی آف گیلف کے مابین مضبوط علمی اشتراکِ عمل کا نتیجہ ہے۔ اس منصوبے کی کامیابی میں یونیورسٹی آف پرنس ایڈورڈ آئی لینڈ کے پروفیسر ڈاکٹر اعتزاز اے فاروق اور ڈلہوزی یونیورسٹی کے ڈاکٹر ٹریوس ایسا کی انتھک کاوشوں اور پیشہ ورانہ وابستگی نے کلیدی کردار ادا کیا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر قمرالزمان نے تمام کینیڈین جامعات، منتظمین اور مقررین کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ یہ سیریز جامعہ کے اس وژن کی عکاس ہے جس کے تحت پاکستانی تعلیمی اداروں کو عالمی تحقیقی نیٹ ورکس سے جوڑنے کا ہدف رکھا گیا ہے۔ اس سے اساتذہ، محققین اور طلبہ کو بین الاقوامی تحقیقی میدانوں میں براہ راست شرکت اور سیکھنے کے مزید مواقع میسر آئیں گے۔ انہوں نے یونیورسٹی کے ڈینز، ڈائریکٹرز، فیکلٹی ممبران، محققین، سپروائزرز، کو سپروائزرز اور پوسٹ گریجویٹ طلبہ کی بھرپور شرکت کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ جامعہ کے بڑھتے ہوئے تحقیقی کلچر اور علمی برتری کا مظہر ہے۔ آخر میں وائس چانسلر نے ڈائریکٹوریٹ آف ایڈوانسڈ اسٹڈیز کو اس کامیاب تقریب کے انعقاد پر مبارکباد پیش کی اور یقین دلایا کہ مستقبل میں بھی بین الاقوامی علمی و تحقیقی روابط کے فروغ کے لیے یونیورسٹی اپنی کاوشیں جاری رکھے گی۔
Read in English: PMAS-AAUR Launches International Seminar Series to Foster Global Research Collaboration

