پارلیمانی سیکریٹری بیرسٹر دانیال چوہدری کی راولپنڈی میں سالانہ اسپورٹس گالا کی اختتامی تقریب میں شرکت
راولپنڈی : وفاقی پارلیمانی سیکریٹری برائے اطلاعات و نشریات بیرسٹر دانیال چوہدری نے گورنمنٹ گورڈن کالج راولپنڈی میں منعقدہ سالانہ اسپورٹس گالا کی اختتامی تقریب میں بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔ اس موقع پر انہوں نے مختلف کھیلوں میں نمایاں کارکردگی دکھانے والے طلبہ میں شیلڈز اور ٹرافیاں تقسیم کیں۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بیرسٹر دانیال چوہدری نے طلبہ کی ہمہ جہت تربیت میں کھیلوں کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ کھیل محض ہم نصابی سرگرمی نہیں بلکہ نوجوانوں کی جسمانی صحت، نظم و ضبط، ٹیم ورک اور مثبت مسابقتی جذبے کی تشکیل میں بنیادی کردار ادا کرتے ہیں۔
انہوں نے کالج انتظامیہ اور اسپورٹس کمیٹی کو کامیاب اسپورٹس گالا کے انعقاد پر خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ تعلیمی سرگرمیوں کے ساتھ کھیلوں کا امتزاج ہی ایسے متوازن افراد کی تیاری کو یقینی بناتا ہے جو مستقبل میں قوم کی قیادت کریں گے۔
