چیئرمین سینیٹ کا خواتین کی معاشی بااختیاری پر زور

newsdesk
6 Min Read
چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی نے اسلام آباد کانفرنس میں خواتین کی معاشی بااختیاری کو قومی ترجیح قرار دیا اور عملی نتائج پر زور دیا۔

چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے اسلام آباد کے ایک مقامی ہوٹل میں منعقدہ چوتھی آل پاکستان خواتین چیمبرز صدور کی بین الاقوامی کانفرنس سے خطاب میں کہا کہ خواتین کا معاشی بااختیاری محض مساوات کا معاملہ نہیں بلکہ پاکستان کی پائیدار ترقی کے لیے ایک اسٹریٹجک ضرورت ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ خواتین بااختیاری ملک کی ترقی اور روزگار کے مواقع کے فروغ کا زبردست ذریعہ بن سکتی ہے۔چیئرمین سینیٹ نے گزشتہ برسوں میں ہونے والی پیش رفت کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ملک بھر میں ۳۰ سے زائد خواتین چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے قیام نے اجتماعی سوچ میں نمایاں تبدیلی لائی ہے، تاہم اب یہ مرحلہ اداروں کے قیام سے آگے بڑھ کر عملی نتائج تک پہنچنے کا ہے جہاں چیمبرز مضبوط، پیشہ ورانہ طور پر منظم اداروں کی شکل اختیار کریں اور کاروبار، جدت اور روزگار کے فروغ میں مؤثر کردار ادا کریں۔تقریب میں چیئرمین کی مشیر مصباح کھر، اسلام آباد ویمن چیمبر آف کامرس کی بانی و چیئرپرسن ثمینہ فاضل، آذربائیجان پاکستان جوائنٹ چیمبر آف کامرس کے سرپرست اعلیٰ احسن ظفر بختاوری، ظفر بختاوری اور ملک کے مختلف شہروں سے چیمبرز آف کامرس کی خواتین صدور شامل تھیں۔ اس کے علاوہ جرمنی اور فلپائن کے سفیروں سمیت آذربائیجان، بنگلہ دیش، ایران، انڈونیشیا اور دیگر ممالک کے کمرشل قونصلرز نے بھی شرکت کی۔یہ کانفرنس گالا ڈنر اور موسیقی کے پروگرام کے ساتھ منعقد ہوئی جس میں ملک کے دیگر شہروں سے آئے ہوئے مہمانوں کے لیے تفریح کا بھی بندوبست کیا گیا تھا۔ منتظمین نے اس شام میں خواتین قیادت، تعاون اور جامع اقتصادی ترقی کے لیے مشترکہ وژن کا جشن منایا۔ تقریب کی میزبانی ثمینہ فاضل نے آذربائیجان پاکستان جوائنٹ چیمبر کے تعاون سے کی اور نعیمہ انصاری نے بہترین انداز میں تقریب کو سمیٹ لیا۔ پروگرام کے اسپانسرز میں یونائیٹڈ بزنس گروپ، ڈی واٹسن، کیپیسٹی اینالیٹکس، ڈی رین اور فلورمار شامل تھے۔ثمینہ فاضل نے استقبالیہ خطاب میں غیروں اور مقامی شرکاء کو خواتین تاجروں کی جدوجہد سے آگاہ کیا اور کہا کہ خواتین کاروباری رہنما ملک کی معیشت کو مضبوط بنانے کے لیے ہر ممکن کوشش کر رہی ہیں اور حکومت کی جانب سے معاونت کی منتظر ہیں۔ احسن ظفر بختاوری نے خطاب میں بلند بجلی نرخوں اور ٹیکس نظام کی پیچیدگیوں کی وجہ سے پیداواری شعبے کو درپیش مسائل کی نشاندہی کی اور ٹیکس اصلاحات کی ضرورت پر زور دیا تاکہ مینوفیکچرنگ اور برآمدات کو فروغ ملے، جس پر چیئرمین سینیٹ نے فوری نوٹس لیتے ہوئے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔کانفرنس کے اختتام پر چیئرمین سینیٹ نے ملک بھر سے شریک خواتین بزنس لیڈرز کی خدمات کو سراہا اور چیمبرز آف کامرس کی خواتین صدور کو شیلڈز پیش کیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ اجتماع محض کاروباری رہنماؤں کا اجلاس نہیں بلکہ جامع ترقی کے لیے ایک قومی تحریک کی نمائندگی کرتا ہے جہاں خواتین کو معاشی تبدیلی کے کلیدی معمار تسلیم کیا جا رہا ہے۔چیئرمین سینیٹ نے محترمہ بینظیر بھٹو کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے اُن کے اقدامات کی یاد دلائی جنہوں نے خواتین کی بااختیاری کے لیے ادارہ جاتی بنیادیں رکھیں، جن میں خواتین اسٹڈیز سینٹرز کا قیام، فرسٹ ویمن بینک کا آغاز، سرکاری ملازمتوں میں خواتین کے لیے کوٹہ اور لیڈی ہیلتھ ورکرز پروگرام شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کسی قوم کی مکمل ترقی اس وقت ممکن نہیں جب اس کی نصف آبادی معاشی اور سماجی زندگی سے باہر رکھی جائے۔اپنے نجی تجربات کا حوالہ دیتے ہوئے چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ بطور اسپیکر قومی اسمبلی، وزیرِ اعظم اور اب چیئرمین سینیٹ انہوں نے ہمیشہ خواتین کو سرکاری اور سماجی زندگی میں بڑھ چڑھ کر شامل کیا، کیونکہ خواتین کی شرکت جمہوری اداروں کو مضبوط اور ترقی کے عمل کو تیز کرتی ہے۔ انہوں نے سینیٹ کو وفاقی وحدت کی علامت قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کی قیادت میں سینیٹ قانون سازی، کاروباری طریقہ کار میں آسانی، ضابطہ جاتی رکاوٹوں میں کمی، سرکاری خریداری تک رسائی اور قانونی تحفظات مضبوط کرنے میں بھرپور کردار ادا کرے گا تاکہ خواتین بااختیاری میں تیزی آئے۔انہوں نے ویمن چیمبرز کو بین الاقوامی روابط بڑھانے، نمائشوں میں شرکت اور برآمدات پر مبنی مصنوعات و خدمات کی ترقی میں فعال کردار ادا کرنے کی ہدایت دی اور خاص طور پر آذربائیجان–پاکستان جوائنٹ چیمبر کے ساتھ تعاون کو خوش آئند قرار دیا۔ چیئرمین سینیٹ نے ویمن چیمبرز کی صدور پر زور دیا کہ وہ خود کو محض عہدے دار سمجھنے کے بجائے ایک قومی تحریک کے قائد سمجھیں، ادارہ جاتی نظم و نسق کو مضبوط کریں، رہنمائی کے نیٹ ورکس قائم کریں، شراکت داریوں کو فروغ دیں اور قابلِ پیمائش نتائج کو دستاویزی شکل دے کر خواتین بااختیاری کو عملی سطح پر آگے بڑھائیں۔آخر میں انہوں نے کہا کہ وہ ایک ایسے پاکستان کا تصور رکھتے ہیں جہاں خواتین کاروباری شخصیات معیشت کا مرکزی ستون ہوں، جہاں ویمن چیمبرز ترقی کے معتبر شراکت دار بنیں اور جہاں ہر نوجوان لڑکی کاروبار کو ایک باوقار اور قابلِ قدر مستقبل کے طور پر دیکھے۔

Share This Article
کوئی تبصرہ نہیں ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے