مصطفیٰ کمال نے اپنے سرکاری دورے کے دوران پوسکسمس ٹیبیٹ بنیادی طبی مرکز کا دورہ کیا جہاں ڈائریکٹر جنرل برائے بنیادی نگہداشت اور کمیونٹی صحت نے مرکز میں فراہم کی جانے والی سہولیات پر تفصیلی بریفنگ دی۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ یہ مرکز علاقے کے عوام کو جامع ابتدائی طبی دیکھ بھال فراہم کرتا ہے اور مقامی سطح پر صحت کی بنیادی ضروریات پوری کرنے پر مرکوز ہے۔مرکز میں پیش کی جانے والی خدمات میں حفاظتی اقدامات، ترویجی صحت پروگرام اور بنیادی علاج معالجہ شامل ہیں، جن کا مقصد بیماریوں کی روک تھام اور بروقت ابتدائی تشخیص کے ذریعے مریضوں کو بڑے ہسپتالوں تک جانے سے بچانا ہے۔ ابتدائی طبی دیکھ بھال کے اس جامع ماڈل نے مقامی کمیونٹی کی صحت تک رسائی میں واضح بہتری لائی ہوئی ہے۔وزیرِ صحت نے انڈونیشیا کے اس ماڈل کو مضبوط ابتدائی طبی دیکھ بھال کے تناظر میں سراہا اور کہا کہ ایک مضبوط ابتدائی طبی دیکھ بھال نظام کسی بھی پائیدار صحت کے نظام کی ریڑھ کی ہڈی ہوتا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ یہ ماڈل صرف جکارتہ یا انڈونیشیا تک محدود نہیں بلکہ پورے خطے کے لیے قابلِ تقلید ہے اور اس سے بہتر صحت کے نتائج حاصل کیے جا سکتے ہیں۔مصطفیٰ کمال نے کہا کہ ابتدائی طبی دیکھ بھال کو مضبوط بنا کر بڑے ہسپتالوں پر مریضوں کے بوجھ کو کم کیا جا سکتا ہے اور پاکستان اس ماڈل کو اپنانے کا خواہاں ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پاکستان میں ابتدائی طبی دیکھ بھال کے نظام کو مضبوط بنانے کے لیے موثر اقدامات جاری ہیں تاکہ دیہی اور شہری دونوں سطحوں پر معاشرے کو معیاری طبی خدمات سے بہتر طور پر مستفید کیا جا سکے۔
