خویندو کور کے نمائندہ وفد نے خیبرپختونخوا کمیشن برائے خواتین کی چیئرپرسن ڈاکٹر سمیرا شمس سے ان کے دفتر میں ملاقات کی، جس میں صوبے کے مختلف اضلاع میں خواتین کی بااختیاری اور صنفی بنیاد پر تشدد کی روک تھام کے حوالے سے جاری منصوبوں اور سرگرمیوں پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ وفد نے خواتین کے سماجی و معاشی استحکام، آگاہی مہمات، قانونی معاونت اور متاثرہ خواتین کی بحالی کے اقدامات کی نوعیت اور اجراء کے اضلاع کے حوالے سے معلومات شیئر کیں۔ملاقات میں برسرِ کار منصوبوں کی تکمیل کے مراحل، کمیونٹی سطح پر شعور بیدار کرنے کی حکمتِ عملی اور متاثرہ خواتین کے لیے دستیاب قانونی و نفسیاتی سہولیات پر گفتگو ہوئی۔ خویندو کور نے بتایا کہ ان کی کوششیں متاثرہ خواتین کو فوری امداد، قانونی رہنمائی اور بحالی کے مواقع فراہم کرنے پر مرکوز ہیں تاکہ خواتین کو بااختیار بنایا جا سکے اور صنفی تشدد کے خلاف پائیدار ردعمل ممکن ہو۔چیئرپرسن نے خویندو کور کے فعال کردار کو سراہا اور کہا کہ غیر سرکاری تنظیموں کے ساتھ مؤثر شراکت داری کے ذریعے خواتین کے مسائل کے حل میں خاطرخواہ بہتری لائی جا سکتی ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ کمیشن خویندو کور کے ساتھ تعاون کو مضبوط بنائے گا تاکہ صوبے کی کمزور اور پسماندہ خواتین تک بہتر معاونت، تحفظ اور روزگار کے مواقع پہنچائے جا سکیں۔دونوں فریقین نے مشترکہ حکمتِ عملی ترتیب دینے اور آئندہ منصوبوں میں شراکت بڑھانے پر اتفاق کیا۔ اس میں آگاہی مہمات کا دائرہ وسیع کرنا، مقامی اداروں کے ساتھ رابطوں کو مضبوط بنانا اور متاثرہ خواتین کے لیے قانونی معاونت کے راستے ہموار کرنا شامل ہیں۔ خویندو کور نے بھی اس تعاون کو عملی طور پر مستحکم کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔اس ملاقات کے اختتام پر خویندو کور اور کمیشن برائے خواتین نے خواتین کے حقوق کے تحفظ، صنفی مساوات کے فروغ اور محفوظ معاشرے کے قیام کے لیے مشترکہ اقدامات جاری رکھنے کا باہمی عہد کیا، تاکہ صوبے میں خواتین کی فلاح و بہبود میں واضح اور دیرپا بہتری لائی جا سکے۔
