آر ڈبلیو ایم سی افسران کی حاضری بایومیٹرک سسٹم سے لگائی جائے۔
چیف سینٹری آفسیر و دیگر افسران عوامی شکایات سننے کیلےدفاتر میں موجود نہیں ہوتے۔ظہیراحمداعوان
راولپنڈی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے افسران کی عدم حاضری اور صفائی کی ناقص صورتحال کے خلاف چیئرمین سٹیزن ایکشن کمیٹی ظہیر احمد اعوان نے مطالبہ کیا ہے کہ جس طرح سینٹری ورکرز کی حاضری دو ٹائم بایومیٹرک سسٹم کے تحت لگائی جاتی ہے، اسی طرح آر ڈبلیو ایم سی کے افسران کی حاضری بھی بایومیٹرک نظام سے مشروط کی جائے۔ظہیر احمد اعوان نے امرپورہ، چاہ سلطان، ملت کالونی، وارث خان، نئی آبادی، ٹٹھی محلہ، کمیٹی محلہ اور ڈھوک الہی بخش کے دورے کے موقع پر صفائی کی ابتر صورتحال پر شدید تشویش کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ اندرون شہر متعدد علاقوں میں صفائی کے انتظامات انتہائی ناقص ہیں جبکہ چیف سینٹری انسپکٹر اور دیگر متعلقہ افسران نہ تو دفاتر میں موجود ہوتے ہیں اور نہ ہی فیلڈ میں نظر آتے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ شہری جب اپنی شکایات کے اندراج کے لیے چیف سینٹری انسپکٹر کے دفتر جاتے ہیں تو وہاں کوئی افسر موجود نہیں ہوتا، جبکہ دفتر میں کسی افسر کا رابطہ نمبر بھی آویزاں نہیں کیا گیا۔ افسران گھروں میں بیٹھ کر سرکاری تنخواہیں وصول کر رہے ہیں، جس کے باعث ’’ستھرا پنجاب‘‘ مہم کو خود محکمے کے افسران نقصان پہنچا رہے ہیں۔چیئرمین سٹیزن ایکشن کمیٹی کا کہنا تھا کہ بغیر شکایت صفائی نہیں کی جاتی، جو انتظامیہ کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے۔ انہوں نے وزیراعلیٰ پنجاب سے پرزور مطالبہ کیا کہ اگر اساتذہ اور سینٹری ورکرز کی حاضری بایومیٹرک نظام کے تحت صبح و شام لگائی جا سکتی ہے تو آر ڈبلیو ایم سی افسران کی حاضری بھی اسی نظام کے تحت یقینی بنائی جائے تاکہ عوام کو ریلیف مل سکے۔
