ریسکیو 1122 راولپنڈی میں سانحہ گگھٹر پلازہ کے شہداء کی یاد میں ریسکیو شہداء ڈے منایا گیا

newsdesk
3 Min Read
راولپنڈی میں یومِ شہداء کی تقریب میں گکھڑ پلازہ سانحے میں جان ہارنے والے فائر فائٹرز کو خراجِ عقیدت اور حفاظتی اقدامات کی تجدید کی گئی

ریسکیو 1122 راولپنڈی میں سانحہ گگھٹر پلازہ کے شہداء کی یاد میں ریسکیو شہداء ڈے منایا گیا

ریسکیو 1122 پنجاب کے زیرِ اہتمام راولپنڈی میں سانحہ آتشزدگی گگھٹر پلازہ کے شہداء کی یاد میں ریسکیو شہداء ڈے عقیدت و احترام کے ساتھ منایا گیا، جہاں شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کیا گیا اور مستقبل میں عوامی تحفظ کو مزید مؤثر بنانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔

ریسکیو شہداء ڈے کے موقع پر یادگارِ شہداء پر ایک پروقار تقریب منعقد ہوئی، جس میں ریسکیو افسران، ریسکیورز اور اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔ تقریب کے دوران یادگارِ شہداء پر پھولوں کی چادر چڑھائی گئی، سلامی پیش کی گئی اور شہداء کے درجات کی بلندی کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔

تقریب میں پارلیمانی سیکرٹری ریسکیو 1122 پنجاب ضیاء اللہ شاہ، ڈائریکٹر ریسکیو راولپنڈی ریجن ڈاکٹر فیصل محمود، ڈائریکٹر جنرل ایمرجنسی سروسز اسلام آباد ڈاکٹر عبد الرحمن اور ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر راولپنڈی انجینئر صبغت اللہ سمیت ریسکیو افسران اور ریسکیورز کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔

مقررین نے اس موقع پر کہا کہ ریسکیو شہداء قوم کے حقیقی ہیرو ہیں جنہوں نے شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔ انہوں نے یاد دلایا کہ 20 دسمبر کو ریسکیو شہداء ڈے اس لیے منایا جاتا ہے کہ 2008 میں آتشزدگی کے ایک بڑے سانحے کے دوران 13 فائر فائٹرز اور ایمرجنسی اہلکار شہید ہوئے تھے۔

مقررین کے مطابق 20 دسمبر 2008 کے سانحے میں ریسکیو 1122 راولپنڈی، پی او ایف واہ کینٹ، سول ایوی ایشن اور فائر بریگیڈ کے اہلکار شہید ہوئے، جن کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کیا جا سکتا۔ انہوں نے کہا کہ ریسکیو 1122 اپنے شہداء کے مشن کو جاری رکھتے ہوئے بلا تفریق عوامی خدمت کے عزم پر قائم ہے۔

تقریب میں عوامی تحفظ اور ایمرجنسی رسپانس کو مزید مؤثر بنانے پر زور دیا گیا، جبکہ بلند و بالا عمارتوں میں حفاظتی انتظامات یقینی بنانے اور پنجاب کمیونٹی سیفٹی بلڈنگ ریگولیشنز 2022 پر مکمل عملدرآمد کی ہدایت کی گئی۔ مقررین نے اس بات پر اتفاق کیا کہ مستقبل میں آتشزدگی جیسے سانحات سے بچاؤ کے لیے احتیاطی اور حفاظتی اقدامات ناگزیر ہیں۔

تقریب کے اختتام پر ریسکیو 1122 کی قیادت اور عملے نے اس عزم کا اظہار کیا کہ شہداء کی قربانیوں کو یاد رکھتے ہوئے عوام کی خدمت، تحفظ اور ایمرجنسی ردِعمل کو مزید بہتر بنایا جائے گا

Read in English: Rescue 1122 Marks Martyrs’ Day in Rawalpindi to Honor Firefighters Killed in Gakhar Plaza Tragedy

Share This Article
1 تبصرہ

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے