نیشنل پریس کلب میں میڈک گیلریا انٹرنیشنل اور زکوٰۃ فاؤنڈیشن کے اشتراک سے مسیحی ممبران اور ان کے خاندانوں کے لیے شاندار کرسمس فیملی گالا منعقد ہوا۔ تقریب میں وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ مہمانِ خصوصی تھے جبکہ میڈک گیلریا کے چیف ایگزیکٹو منصور شفیق، زکوٰۃ فاؤنڈیشن آف امریکہ کے نمائندہ ڈاکٹر فضل الرحمان، رکنِ پنجاب اسمبلی و کوآرڈینیٹر وزیراعلیٰ پنجاب شازیہ رضوان افسر، وزیرِاعظم یوتھ پروگرام کے فوکل پرسن اور سابق ڈپٹی میئر اسلام آباد سید ذیشان علی نقوی، ڈی آئی جی آپریشنز جواد طارق، مبشر حسن، عاصم کھچی، نوید انور، سردار طاہر محمود، افضل بٹ، اظہر جتوئی اور دیگر معززین نے شرکت کی۔تقریب میں بڑی تعداد میں مسیحی ممبران اور ان کے اہل خانہ جمع تھے جن میں بچوں کو تحائف تقسیم کئے گئے، کرسمس کیک کاٹا گیا اور شرکاء کے لیے پرتکلف عشائیہ کا انتظام کیا گیا۔ پروگرام کے انتظامی امور کی نگرانی نیلم ارشد اور سیکرٹری نیشنل پریس کلب نیئر علی نے کی، جبکہ تقریب میں این پی سی کے گورننگ باڈی کے اراکین بھی موجود تھے۔ اس سماجی اور ثقافتی موقع پر موجودگی نے کرسمس فیملی گالا کی رونق میں اضافہ کیا۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدر پی ایف یو جے افضل بٹ نے کہا کہ نیشنل پریس کلب اپنے مسیحی ممبران کی خوشیوں میں برابر شریک رہتا ہے اور یہ سلسلہ نئی مثال قائم کر رہا ہے۔ این پی سی کے صدر اظہر جتوئی اور آر آئی یو جے کے صدر طارق علی ورک نے مہمانوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ مسیحی برادری ہمارے بھائی ہیں اور کرسمس کے موقع پر یہ اجتماعات ہم آہنگی کو مضبوط کرتے ہیں۔مہمانِ خصوصی وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ نے مسیحی برادری کو کرسمس کی مبارکباد دی اور کہا کہ پاکستان کی تعمیر میں مسیحی برادری کا کردار اہم ہے، ان کی خدمات خصوصاً تعلیم اور صحت کے شعبوں میں قدر کی نگاہ سے دیکھی جاتی ہیں۔ انہوں نے نیشنل پریس کلب کی بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ کی کوششوں کو سراہا اور کہا کہ سرکاری سطح پر مسیحیوں کے لیے جلد ایک بڑا پروگرام منعقد کیا جائے گا۔میڈک گیلریا کے چیف ایگزیکٹو منصور شفیق نے تقریب کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے ادارے میں مسیحی برادری کے افراد اہم ذمہ داریاں ادا کر رہے ہیں اور نیشنل پریس کلب کے ساتھ مل کر ایسے پروگرامز مستقبل میں بھی جاری رکھیں گے۔ زکوٰۃ فاؤنڈیشن کے نمائندہ ڈاکٹر فضل الرحمان نے بین المذاہب ہم آہنگی کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے بتایا کہ جب بھی ضرورت پڑی، انٹرنشنل امدادی کاموں میں زکوٰۃ فاؤنڈیشن نے بروقت خدمات فراہم کیں اور وہ نیشنل پریس کلب کے ساتھ مل کر ہر ممکن تعاون کے لیے تیار ہیں۔رکنِ اسمبلی شازیہ رضوان افسر نے مسیحی برادری کو مبارکباد پیش کی اور این پی سی کی قیادت کو اس شاندار پروگرام کے انعقاد پر خراجِ تحسین پیش کیا۔ سابق ڈپٹی میئر سید ذیشان علی نقوی نے کہا کہ این پی سی کسی بھی تہوار کو بھرپور طریقے سے مناتا ہے اور یہ روایت تنظیم کی مضبوطی کی علامت ہے۔ دیگر مقررین میں جواد طارق، سردار طاہر محمود، عاصم کچھی، ناصر سلیم اور عقیل انجم شامل تھے جنہوں نے تقریب کی کامیابی پر خوشی کا اظہار کیا۔شرکاء نے کہا کہ کرسمس فیملی گالا نے مسیحی برادری اور دیگر مکاتب فکر کے درمیان باہمی احترام اور ہم آہنگی کو فروغ دیا، بچوں میں خوشی کی لہر دیکھی گئی اور تحائف و عشائیہ نے اس موقعے کو یادگار بنایا۔ نیشنل پریس کلب کی یہ روایت مستقبل میں بھی مختلف طبقات کو جوڑنے اور مشترکہ تہواروں کے ذریعے میل جول بڑھانے کا ذریعہ ثابت ہوتی رہے گی۔
