وزیراعظم یوتھ پروگرام کے رابطہ نمائندہ سید ذیشان علی نقوی نے متاثرین اسلام آباد کے حقوق کے تحفظ اور انصاف کے حصول کے لیے اپنے عزم کا اعادہ کیا اور کہا کہ متاثرین کی آواز ہر فورم پر بلند کی جائے گی۔ متاثرین اسلام آباد کے مسائل حل کروانے کے لیے حکومت اور متعلقہ اداروں کے ساتھ مسلسل رابطے جاری رکھے جائیں گے۔گذشتہ روز متاثرین اسلام آباد الائنس کی کمیٹی کے رہنماؤں سے ہونے والی ملاقات میں کمیٹی کے اراکین نے اپنے خدشات اور درپیش مشکلات تفصیل سے بیان کیں۔ ملاقات میں ملک مہربان، کاشف قریشی، ملک جمشید، ملک سفیر، ناصر شاہ، عزیر خان، بشارت خان، ملک غلام دستگیر، عدنان شاہ، ملک غلام حسین، ذوالفقار علی، عمیر خان اور ملک زبیر وکیل شامل تھے۔ تبادلۂ خیال میں متاثرین اسلام آباد کو درپیش سماجی اور انتظامی مسائل کے ساتھ ساتھ سال ۲۰۰۸ کے مبینہ آن لائن سروے سے متعلق امور پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔متاثرین اسلام آباد کے نمائندوں اور رابطہ نمائندہ نے متفقہ طور پر سال ۲۰۰۸ کے مبینہ سروے کو یکسر مسترد کیا اور متاثرین کے موقف کی بھرپور حمایت کا واضح اظہار کیا۔ شرکاء نے کہا کہ یہ معاملہ متاثرین کے بنیادی حقوق اور انصاف کے حصول کا ہے اور اس حوالے سے یکساں موقف اختیار کیا جائے گا۔اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ متاثرین اسلام آباد الائنس کی کمیٹی جلد ہی چیئرمین متعلقہ ادارے سمیت اعلی حکام سے ملاقاتیں کرائے گی تاکہ مسئلے کا عملی حل تلاش کیا جا سکے۔ ساتھ ہی وزیراعظم کے مشیر ڈاکٹر توقیر شاہ کے توسط سے متاثرین کی آواز وزیرِاعظم شہباز شریف تک پہنچائی جائے گی تاکہ اعلی سطح پر کارروائی یقینی بنائی جا سکے۔ سید ذیشان علی نقوی نے واضح کیا کہ متاثرین اسلام آباد کے حقوق کے تحفظ اور انصاف کی فراہمی کے لیے جدوجہد جاری رکھی جائے گی اور ان کے ساتھ مکمل طور پر کھڑا رہا جائے گا۔
