علی بابا ڈاٹ کام اور یو پی ایس پاکستان کا اشتراک — پاکستانی برآمد کنندگان کے لیے جدید لاجسٹک سہولیات کا آغاز
سیالکوٹ، 26 نومبر 2025ء — عالمی بزنس ٹو بزنس ای کامرس پلیٹ فارم Alibaba.com نے UPS پاکستان کے ساتھ اشتراک کا اعلان کیا ہے جس کا مقصد پاکستانی برآمد کنندگان، خصوصاً چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری اداروں (SMEs) کو کم لاگت، تیز، اور قابلِ اعتماد لاجسٹک سہولیات فراہم کرنا ہے، تاکہ وہ 200 سے زائد ممالک اور خطوں تک بہتر رسائی حاصل کر سکیں۔
علی بابا ڈاٹ کام کے مطابق کمپنی پاکستان میں اپنی سرمایہ کاری میں اضافہ کر رہی ہے، جس کے نتیجے میں اپریل سے ستمبر تک نئے سپلائرز کی تعداد میں 50 فیصد سالانہ اضافہ جبکہ گزشتہ چھ ماہ کے مقابلے میں ماہانہ آرڈرز کی تعداد میں 150 فیصد نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ پلیٹ فارم پر موجود 90 فیصد سے زیادہ پاکستانی سپلائرز پہلے ہی ٹریڈ ایشورنس سروس استعمال کر رہے ہیں۔
عالمی تجارت میں اضافے کے باوجود پاکستانی برآمد کنندگان اکثر بھاری شپنگ اخراجات، طویل ترسیلی مدت، اور ٹریکنگ کے فقدان جیسے مسائل کا سامنا کرتے ہیں۔ نئی شراکت داری کے تحت UPS کے وسیع عالمی نیٹ ورک کو Alibaba.com کی لاجسٹک صلاحیتوں کے ساتھ منسلک کر کے ان مشکلات کے حل کی کوشش کی گئی ہے۔
اشتراک کے بعد Alibaba.com سے منسلک برآمد کنندگان کو اب تیز تر ڈور ٹو ڈور ڈیلیوری کی سہولت ملے گی، جس کے تحت امریکا تک 2 سے 4 دن اور یورپ تک 2 سے 3 دن میں ترسیل ممکن ہوگی۔ مزید برآں، پاکستانی فروخت کنندگان کے لیے خصوصی رعایتی نرخ اور شفاف قیمتوں کا ڈھانچہ متعارف کرایا گیا ہے، جبکہ TrackSmart سسٹم کے ذریعے ریئل ٹائم ٹریکنگ کو UPS کے عالمی نیٹ ورک کے ساتھ ضم کر دیا گیا ہے۔
۔Alibaba.com کے سربراہ گلوبل سپلائی چین سروسز سمّر گاؤ (Summer Gao) نے کہا کہ ان کا مشن پاکستانی ایس ایم ایز کو عالمی منڈیوں تک رسائی میں درپیش رکاوٹیں کم کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ “UPS پاکستان کے ساتھ شراکت سے برآمد کنندگان کو عالمی معیار کی ترسیلی سہولیات دستیاب ہوں گی، جو رفتار، اعتماد اور شفافیت فراہم کرتی ہیں۔”
علی بابا ڈاٹ کام کے ایک نمایاں پاکستانی ایکسپورٹر Producing Peak نے نئی لاجسٹک سہولت کو کاروبار کے لیے انتہائی سودمند قرار دیا ہے۔ کمپنی کے سی ای او عمران اقبال باجوہ نے کہا کہ “بین الاقوامی منڈیوں میں کامیابی کے لیے تیز اور قابلِ اعتماد لاجسٹکس ناگزیر ہیں۔ ماضی میں تاخیر اور غیر متوقع اخراجات ہمارے لیے بڑا مسئلہ تھے، مگر اب بہتر خدمات کے باعث ہم تیزی سے ڈیلیور کر سکیں گے اور عالمی خریداروں کا اعتماد مزید بڑھے گا۔”
پاکستان میں Alibaba.com کے سربراہ بیری ما (Barry Ma) نے کہا کہ جدید لاجسٹک سہولیات پاکستانی ایس ایم ایز کے لیے عالمی سطح پر نئے تجارتی مواقع پیدا کریں گی۔ انہوں نے کہا کہ یہ شراکت پاکستان کی مضبوط مینوفیکچرنگ صلاحیت اور کاروباری توانائی کو عالمی تجارت میں مزید مؤثر بنائے گی۔۔
علی بابا اور یو پی ایس پاکستان کی جدید لاجسٹکس سہولت
کوئی تبصرہ نہیں ہے۔
